0

محمد رضوان مستقبل میں قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کر سکتے ہیں :راشد لطیف

کراچی( آئی پی پی )قومی ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے کہا کہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان میں قائدانہ صلاحیت ہے اور وہ مستقبل میں قومی ٹیم کی قیادت کر سکتے ہیں۔ایک انٹر ویو میں ان کا کہنا تھا کہ محمد رضوان نے پاکستان اے ٹیم کی بھی کافی قیادت کی ہوئی ہے، شاید انہیں تیار کر رہے ہیں اور مینجمنٹ یہ سوچ رہی ہو کہ اگر کل کچھ ہو تو رضوان ایسا کھلاڑی ہے جسے ہم قیادت کے لیے تیار کر سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ رضوان کا باولرز سے رابطہ بہت اچھا ہے اور یہ بہت کام کی چیز ہے کیونکہ وکٹ کیپر کا کام صرف بیٹنگ یا وکٹ کیپنگ کرنا نہیں بلکہ ٹیم کو چلانا بھی ہوتا ہے۔

سابق وکٹ کیپر نے کہا کہ جب شاداب خان کو چھکا لگا تو رضوان ان کے پاس گئے اور ان سے بات کی، اسی طرح وہ فیلڈنگ بھی سیٹ کر رہے تھے کیونکہ بابر اعظم اس وقت مڈ وکٹ پر تھے اور انہیں فیلڈ میں موجود خلا کا اندازہ نہیں ہو پا رہا تھا لیکن رضوان نے ان کی نشاندہی کی کیونکہ وہ وکٹ کے وسط میں کھڑے تھے۔راشد لطیف نے کہا کہ اگر ٹی20 میں 50فیصد میچ میں ٹیم کو وکٹ کیپر چلا رہا ہے تو یہ اچھی چیز ہے اور اس میں قیادت کے جراثیم ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ رضوان نے جو اپنے نقوش چھوڑیں ہیں وہ بہت قابل تعریف ہیں اور بہت لمبے عرصے تک پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں