0

وزیراعظم عمران خان اسلام آباد سے کراچی روانہ

اسلام آباد- وزیراعظم عمران خان اسلام آباد سے کراچی روانہ ہو گئے ،وزیراعظم عمران خان نور خان ایئربیس سے خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی روانہ ہوئے،وزیراعظم ”کراچی ٹرانسفارمیشن پلان“ کے تحت شہر قائد کےلئے 802 ارب روپے کے خصوصی پیکیج کا اعلان گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم عمران خان  اہم دورے پر کراچی روانہ ہو گئے،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز اور عامر کیانی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں ، وزیراعظم گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ سے ملاقات کریں گے۔

وزیراعظم کراچی کے مسائل کے حل کے لیے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کا اعلان کریں گے۔ پلان کے مطابق شہر قائد کے لیے 802 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا جائے گا۔ پلان کے تحت ماس ٹرانزٹ سسٹم کے 447 ارب 43 کروڑ روپے مالیت کے 6 منصوبوں کا اعلان کیا جائے گا۔

ماس ٹرانزٹ کا 300 ارب روپے مالیت کا کراچی سرکلر ریلوے پراجیکٹ ٹرانسفارمیشن پلان میں شامل ہے، کراچی سرکلر ریلوے کے لیے 250 ارب روپے چینی حکومت فراہم کرے گی جبکہ سندھ حکومت کراچی سرکلر ریلوے کے لیے 50 ارب روپے فراہم کرے گی۔

کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے مطابق کراچی میں سیوریج کے 8 منصوبوں کا تخمینہ 162 ارب 60 کروڑ روپے لگایا گیا ہے جبکہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے چار منصوبوں کی لاگت کا تخمینہ 14 ارب 86 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔ واٹر ڈرینز کے دو منصوبوں کی لاگت کا تخمینہ 4 ارب 70 کروڑ روپے لگایا گیا ہے، اس کے علاوہ کراچی کی مختلف سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبوں کا تخمینہ 62 ارب 30 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔

وزیراعظم سے ارکان اسمبلی اتحادی رہنما اور این ڈی ایم حکام ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان کراچی سٹاک ایکسچینج کا بھی دورہ کریں گے جہاں وہ تاجروں اور صنعت کاروں سے ملاقات کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں