0

پنجاب میں نرسز کے سروس سٹرکچر کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری

لاہور(آئی پی پی) پنجاب میں نرسوں کے سروس سٹرکچر کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس میں نرسنگ کیڈر کی بہتری کےلئے متعدد اقدامات کی اصولی منظوری دی گئی اور نرسوں کی ترقیوں کے امور کو سٹریم لائن کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

نرسنگ کے شعبہ میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کےلئے سکالر شپ دینے کی بھی منظوری دی گئی۔وزیراعلیٰ پنجاب کا اس موقع پر کہنا تھا کہ نرسنگ سکولز کو نرسنگ کالجوں میں اپ گریڈ کیا جائے گا جبکہ نرسنگ کالجز کے ساتھ ہاسٹل بھی بنائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نرسوں کو سکالر شپ پر بیرون ملک بھجوائیں گے اور جلد ہی نرسوں کےلئے بڑے پیکج کا اعلان بھی کریں گے۔عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ نرسنگ کے شعبہ کی بہتری کے لیے ضروری اقدامات اٹھائیں گے اور نرسوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ 50 لاکھ سے زائد قومی صحت کارڈ مستحق افراد میں تقسیم کرچکے ہیں، قومی صحت کارڈ کا دائرہ کار مرحلہ وار مزید بڑھائیں گے۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کےلئے بزنس پلان جلد تیار کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

ان کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر جتنی جلدی ہو سکے حتمی سفارشات پیش کریں۔ ادارے کو متحرک انداز میں چلانے کےلئے تمام آپشن سامنے رکھ کر فیصلے کیے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں