آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دے کر ’اوور 40 ٹی 20 ورلڈ کپ‘ جیت لیا

آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دے کر اوور 40 ٹی 20 ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

آسٹریلیا نے پیر کو نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر آئی ایم سی اوور 40 ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے فائنل میں آسٹریلیا نے یکطرفہ مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کی۔

151 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کے اسٹیو ناٹل نے 40 گیندوں پر 47 رنز اسکور کیے جب کہ اسٹیون پالسن نے 34 گیندوں پر 42 قیمتی رنز جوڑے جب کہ میچ کے آخری لمحات میں ناصر جلیل نے صرف 10 گیندوں پر 25 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر آسٹریلیا کی فتح یقینی بنا دی۔

پاکستان کی جانب سے فواد عالم نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 16 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں، لیکن وہ ٹیم کو فتح دلانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 150 رنز اسکور کیے۔ تاہم آسٹریلیا کے مارک کلیری نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 22 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں اور پاکستان کو کھل کر کھیلنے نہ دیا۔

پاکستان کی جانب سے ندیم جاوید (24)، فواد عالم (24) اور عبدالرزاق (19) نے مفید اننگز کھیلیں، مگر پوری ٹیم 20 اوورز میں 150 رنز بنا سکی۔

 منتظمین نے اعلان کیا تھا کہ فائنل میں شاہد خان آفریدی بھی ایکشن میں ہوں گے تاہم ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے آنے والے مداحوں کو سخت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا، شاہد خان آفریدی فائنل کا بھی حصہ نہیں بنے۔

 پاکستان کے ہمایوں فرحت 312 رنز بناکر ایونٹ کے بہترین بیٹر قرار پائے، آسٹریلیا کے مارک کیلری نے 19 وکٹیں حاصل کرکے بہترین بولر ہونے کا اعزاز حاصل کیا، ہانگ کانگ کے خالد قریشی بہترین  وکٹ کیپر اور ریسٹ آف ورلڈ کے ہر شاد بہترین فیلڈر قرار پائے۔

ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا اعزاز ہمایوں فرحت نے حاصل کیا انہوں نے ایونٹ میں 23 چھکے لگائے، ویسٹ انڈیز کے انٹونیل  اٹولیا پلیئر اف ٹورنامنٹ قرار پائے،  آخر میں مہمان خصوصی چیئرمین انٹرنیشنل ماسٹرز کرکٹ کونسل اسٹرلنگ ہیمین نے انعامات تقسیم کیے۔

تقریب تقسیم انعامات میں سابق ٹیسٹ کپتان جاوید میاں داد، مشتاق محمد، صادق محمد، جلال الدین، پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین فواد اعجاز خان ودیگر بھی موجود تھے۔

یاد رہے کہ آئی ایم سی اوور 40 ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2025 میں 12 بین الاقوامی ٹیموں نے حصہ لیا، جب کہ مجموعی طور پر 42 میچز کراچی کے مختلف مقامات پر منعقد ہوئے۔

Similar Posts