کراچی؛ سائٹ ایریا میں ڈاکو سے مبینہ پولیس مقابلہ، ایک اہلکار شہید، ڈاکو ہلاک

کراچی کے علاقے سائٹ ایریا باوانی چالی میں پولیس مقابلے کے دوران شدید زخمی ہونے والا پولیس اہلکار دورانِ علاج شہید جبکہ ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔

چھیپا ذرائع کے مطابق زخمی اہلکار کو عباسی شہید اسپتال سے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے آغا خان اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔

پولیس حکام کے مطابق شہید پولیس اہلکار کی شناخت واجد کے نام سے ہوئی ہے جس کی عمر 27 سال ہے جو سائٹ اے ایریا تھانے میں تعینات تھا اور پولیس مقابلے کے دوران اسے سر میں گولی لگی۔ اہلکار نے انتہائی بہادری کے ساتھ ڈاکوؤں کا مقابلہ کیا۔

واقعے میں ہلاک ہونے والے ڈاکو کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی گئی ہے جبکہ ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس اہلکار کے زخمی ہونے کی اطلاع ملتے ہی وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ایس ایس پی کیماڑی کو فوری طور پر تمام تفصیلات سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی اور زخمی اہلکار کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے احکامات دیے۔

وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ ایس ایس پی کیماڑی بذاتِ خود اسپتال انتظامیہ سے رابطہ کریں اور اہلکار کے اہل خانہ سے ملاقات کرکے ہر ممکن پولیس سپورٹ کی یقین دہانی کرائیں۔

ایس ایس پی کیماڑی امجد شیخ آغا خان اسپتال پہنچ گئے جہاں انہوں نے شہید اہلکار کے اہل خانہ سے تعزیت کی، پولیس افسران سے واقعے سے متعلق معلومات حاصل کیں اور میڈیا سے گفتگو بھی کی۔ بعد ازاں شہید اہلکار کی میت کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے آغا خان اسپتال سے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق شہید اہلکار واجد کا آبائی تعلق مانسہرہ سے تھا اور وہ شادی شدہ تھا۔ واقعے پر پولیس حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔

Similar Posts