ایپل کا بڑا اعلان، آئی فون 18 کی لانچنگ 9 ستمبر کو متوقع

ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنے اگلے بڑے پروڈکٹ لانچ ایونٹ کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ تقریب 9 ستمبر کو منعقد کی جائے گی جس کا خاص نعرہ ’سرپرائز اینڈ شائن‘ رکھا گیا ہے۔ اس تقریب میں ہر بار کی طرح دنیا بھر کے لوگوں کی نظریں نئے فونز پر لگی ہوئی ہیں اور یہ توقع کی جا رہی ہے کہ کمپنی اس موقع پر اپنے نئے آئی فون 18 اور دیگر شاندار مصنوعات دنیا کے سامنے پیش کرے گی۔

یہ تقریب امریکی وقت کے مطابق صبح 10 بجے شروع ہوگی۔ کمپنی نے یوٹیوب پر جاری کی گئی ویڈیو کی تفصیل میں لکھا ہے کہ ہمارے ساتھ 9 ستمبر کو ایک خاص تقریب میں شامل ہوں۔

کمپنی کی طرف سے اس تقریب کو براہ راست دکھانے کے لیے یوٹیوب، ایپل کی اپنی ویب سائٹ اور ایپل ٹی وی پر لنکس بھی جاری کر دیے گئے ہیں تاکہ دنیا کا ہر کونے میں بیٹھا شخص اسے براہ راست دیکھ سکے۔ یہ تقریب امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا میں واقع ایپل کے مرکزی دفتر ایپل پارک میں منعقد ہوگی۔

اگرچہ ایپل نے ابھی تک یہ واضح نہیں کیا ہے کہ تقریب میں کون سی نئی مصنوعات پیش کی جائیں گی، تاہم تاہم ٹیکنالوجی کی دنیا میں سب سے زیادہ توقع آئی فون 18 سیریز کی ہے۔

مختلف صنعتی رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ کمپنی اس موقع پر آئی فون 18 لائن اپ متعارف کرا سکتی ہے، جس میں آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس بھی شامل ہونے کی توقع ہے۔

ایپل کے ایونٹ کے حوالے سے ایک اور بڑی قیاس آرائی کمپنی کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون کے بارے میں ہے۔ تاہم اہم بات یہ ہے کہ ایپل نے ابھی تک فولڈ ایبل آئی فون یا کسی دوسرے نئے ہارڈویئر کی لانچنگ کی تصدیق نہیں کی ہے۔ اس لیے اس حوالے سے سامنے آنے والی باتوں کو فی الحال توقعات اور رپورٹس کے طور پر ہی دیکھا جا رہا ہے۔

ایپل نے اس ایونٹ کے لیے جو تشہیری تصویر جاری کی ہے، اس میں کمپنی کا لوگو روشن نیون انداز میں دکھایا گیا ہے اور ساتھ ’’سرپرائز اینڈ شائن‘ لکھا گیا ہے۔

آئی فون کے علاوہ ایپل واچ سے متعلق بھی نئی مصنوعات سامنے آنے کی توقع کی جا رہی ہے۔ رپورٹس کے مطابق کمپنی ایپل واچ سیریز 12 اور ایپل واچ الٹرا کے نئے ماڈلز متعارف کرا سکتی ہے۔ اس کے ساتھ کچھ نئے اسمارٹ ہوم ڈیوائسز بھی پیش کیے جانے کی توقع ہے، تاہم ان مصنوعات کے بارے میں بھی کمپنی کی جانب سے باضابطہ تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

اس کے علاوہ حال ہی میں ٹیکنالوجی کی دنیا میں اس بات پر بھی کافی بحث ہو رہی ہے کہ ایپل ایسے ائرفون پر بھی کام کر رہا ہے جن میں کیمرے لگے ہوں گے۔ اطلاعات کے مطابق یہ خاص ائرفون جنہیں بصری ذہانت کی مدد سے کام کرنا تھا، اب 2027 تک مارکیٹ میں لائے جائیں گے۔

پہلے یہ قیاس کیا جارہا تھا کہ انہیں اس سال پیش کیا جا سکتا ہے لیکن کچھ تکنیکی اور سافٹ ویئر سے جڑے مسائل کی وجہ سے ان کی تیاری میں تھوڑی تاخیر ہو گئی ہے اور اب صارفین کو ان کے لیے اگلے سال تک انتظار کرنا ہوگا۔

ایپل کے چاہنے والوں اور عام لوگوں کے لیے ستمبر کا مہینہ ہمیشہ سے ہی بہت جوش و خروش والا ہوتا ہے کیونکہ اس ایک تقریب سے یہ طے ہوتا ہے کہ آنے والے ایک سال تک ٹیکنالوجی کی دنیا میں کون سی نئی چیزیں دھوم مچانے والی ہیں۔ اب سب کی نگاہیں 9 ستمبر پر ٹکی ہیں کہ کمپنی اس بار دنیا کو کیا نیا تحفہ دیتی ہے۔

Related posts