بیرسٹر افتخار گیلانی آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم منتخب

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بیرسٹر افتخار علی گیلانی آزاد جموں و کشمیر کے نئے وزیراعظم منتخب ہو گئے ہیں۔ افتخار گیلانی نے قائد ایوان کے لیے ووٹنگ میں 30 ووٹ حاصل کیے جب کہ پیپلزپارٹی کے مختارعباسی 14 ووٹ حاصل کرسکے۔

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائدِ ایوان کے انتخاب کے لیے جمعے کو ہونے والے اجلاس میں ارکان نے ووٹ کاسٹ کیے۔ مسلم لیگ (ن) نے وزارتِ عظمیٰ کے لیے بیرسٹر افتخار گیلانی جب کہ پیپلزپارٹی نے سردار مختار احمد خان عباسی کو اپنا امیدوار نامزد کیا تھا۔

انتخاب میں کامیابی کے لیے کسی بھی امیدوار کو 27 ووٹ درکار تھے۔ ووٹنگ کے بعد افتخار گیلانی مطلوبہ تعداد سے 3 ووٹ زیادہ حاصل کرکے آزاد جموں و کشمیر کے 17 ویں وزیرِاعظم منتخب ہوگئے۔

مسلم لیگ (ن) کو اتحادیوں سمیت اسمبلی میں 32 ارکان کی حمایت حاصل ہے جب کہ پیپلز پارٹی کے 14 ارکان ہیں۔ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں مجموعی نشستوں کی تعداد 53 ہے تاہم پونچھ اور سدھنوتی اضلاع کی سات نشستوں پر انتخابات نہ ہونے کے باعث اس وقت ایوان میں ارکان کی تعداد 46 ہے۔

جمعے کو ہونے والی ووٹنگ میں 44 ارکان نے ووٹ کاسٹ کیا۔ لیگی رکنِ اسمبلی شاہ غلام قادر ووٹ کاسٹ کرنے ایوان نہیں پہنچے جب کہ پیپلزپارٹی کے بازل علی نقوی نے بھی ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔

Related posts