سیکیورٹی فورسز کا مستونگ میں آپریشن، 2 خودکش بمبار خواتین گرفتار

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں سوراب اور مستونگ میں آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے جب کہ آپریشن کے دوران 2 خودکش بمبار خواتین اور ایک سہولت کار کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گرد نیٹ ورک کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں، جن کے تحت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مشترکہ آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے ضلع سوراب اور ضلع مستونگ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن میں مجموعی طور پر 10 دہشت گرد مارے گئے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، ضلع سوراب میں آپریشن کے دوران 7 اور مستونگ میں 3 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مستونگ آپریشن میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم تنظیم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والی 2 خودکش بمبار خواتین اور ایک سہولت کار کو بھی گرفتار کیا گیا جب کہ کارروائیوں کے دوران دہشت گروں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈیز) بھی برآمد کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی مبینہ دہشت گرد یا اس کے سہولت کار کو گرفتار کیا جا سکے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت منظور شدہ عزمِ استحکام وژن کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف مہم پوری قوت سے جاری رہے گی تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

صدر، وزیراعظم، وزیر داخلہ کا فورسز کو خراج تحسین

دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کے اضلاع سوراب اور مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 10 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم مبینہ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے دہشتگرد نیٹ ورکس کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیاں قومی امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہیں، بیرونی مداخلت کی وجہ سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی اور پاکستان اس خطرے کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک میں امن کے قیام کے لیے ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے اضلاع سوراب اور مستونگ میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے آپریشن کے دوران 10 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے اور 2 خودکش بمبار خواتین سمیت ایک سہولت کار کو گرفتار کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

شہباز شریف نے کہا کہ کسی کو بھی بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد بلوچستان اور اس کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے دشمن ہیں جب کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، وہ خود اور پوری قوم وطنِ عزیز کے دفاع اور امن و استحکام کے قیام کے لیے افواجِ پاکستان کے غیر متزلزل عزم میں ان کے شانہ بشانہ ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی مستونگ اور سوراب میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے 10 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں قیام امن کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قابل تحسین ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہیں، سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوان ہمارے سر کا تاج اور اصل ہیرو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کا صفایا کرنے والے جری سپوتوں پر قوم کو ناز ہے۔

Related posts