فیفا ورلڈ کپ 2026 کھیلنے والا نوجوان فٹبالر اچانک انتقال کرگیا
فیفا ورلڈ کپ 2026 میں نمایاں کردار ادا کرنے ولے جنوبی افریقا کے نوجوان فٹبالر جیڈن ایڈمز 25 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں جب کہ جنوبی افریقا کی وزارتِ کھیل نے ہفتے کے روز ان کی وفات کی تصدیق کی تاہم موت کی وجہ نہیں بتائی گئی۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جنوبی افریقی کلب میملوڈی سن ڈاؤنز کے مڈ فیلڈر جیڈن ایڈمز نے چند روز قبل ہی امریکا، میکسیکو اور کینیڈا میں جاری فیفا ورلڈ کپ 2026 میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا سب سے بڑا سنگِ میل عبور کیا تھا۔
جیڈن ایڈمز نے ورلڈ کپ میں جنوبی افریقا کی تاریخی مہم میں اہم کردار ادا کیا اور اپنی ٹیم کے تینوں گروپ مرحلے کے میچز میں حصہ لیا جب کہ راؤنڈ آف 32 میں کینیڈا کے خلاف میچ میں وہ متبادل کھلاڑی کے طور پر بینچ پر موجود تھے۔ ان کی موجودگی میں جنوبی افریقی ٹیم پہلی مرتبہ فیفا ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔
جیڈن ایڈمز نے ورلڈ کپ کے گروپ اے میں میکسیکو اور جمہوریہ چیک کے خلاف میچز میں ابتدائی الیون کا حصہ بنے جب کہ جنوبی کوریا کے خلاف 1-0 کی کامیابی میں بطور متبادل میدان میں اترے تھے۔ اس فتح کے نتیجے میں جنوبی افریقا نے پہلی مرتبہ فیفا ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا، جہاں اسے کینیڈا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
جمہوریہ چیک کے خلاف میچ سے ایک روز قبل جیڈن ایڈمز کی دادی انتقال کر گئی تھیں، جس کے باعث وہ اس میچ میں ہاف ٹائم پر تبدیل کر دیے گئے تھے۔
جیڈن ایڈمز جنوبی افریقا کے شہر پریٹوریا کے کلب میملوڈی سن ڈاؤنز سے وابستہ تھے اور انہوں نے 2025-26 کے سیزن میں ٹیم کو افریقی چیمپئنز لیگ کا ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
جنوبی افریقی فٹبال پلیئرز یونین نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک کا فٹبال ایک باصلاحیت کھلاڑی، کھیل کا مخلص نمائندہ اور ایک ایسی نوجوان شخصیت سے محروم ہو گیا ہے، جس کے پاس مستقبل میں بہت کچھ کرنے کی صلاحیت موجود تھی۔
جنوبی افریقا کے وزیر کھیل گیٹن میک کینزی نے بھی جیڈن ایڈمز کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کے اہل خانہ، ساتھی کھلاڑیوں اور ان لاکھوں مداحوں کے غم میں برابر کی شریک ہے، جنہوں نے انہیں اکیڈمی کے ایک باصلاحیت کھلاڑی سے قومی ٹیم کے اہم رکن بنتے دیکھا۔
فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے بھی انسٹاگرام پر اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ فیفا اور عالمی فٹبال برادری کی ہمدردیاں جیڈن ایڈمز کے اہل خانہ، دوستوں اور ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ ہیں۔
جیڈن ایڈمز نے اپنے فٹبال کیریئر کا آغاز اسٹیلن بوش ایف سی کے یوتھ سسٹم سے کیا اور جنوری 2025 میں میملوڈی سن ڈاؤنز میں شمولیت اختیار کی۔ انہوں نے 2022 میں موزمبیق کے خلاف جنوبی افریقا کی قومی ٹیم کے لیے ڈیبیو کیا، 13 بین الاقوامی میچز کھیلے اور دو گول اسکور کیے، جو دونوں 2026 فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرز میں آئے تھے۔