لاہور: ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 14 بچے جاں بحق
لاہور کے علاقے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 14 بچے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے جب کہ 15 بچوں کو ملبے سے نکال لیا گیا ہے۔
منگل کے روز لاہور کے علاقے کاہنہ میں واقع ایک ٹیوشن سینٹر کی چھت اچانک گر گئی، جس کے نتیجے میں 30 کے قریب بچے ملبے تلے دب گئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں 8 سے 10 بچوں کے ملبے تلے دبنے کی اطلاع ملی تھی تاہم بعد ازاں بتایا گیا کہ واقعے کے وقت سینٹر میں تقریباً 30 بچے موجود تھے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ امدادی ٹیموں نے اب تک 15 بچوں کو ملبے سے نکال لیا ہے اور تمام بچوں کو اسپتال منتقل کردیا ہے جب کہ 4 سے 5 بچوں کی حالت تشویشناک ہے۔
ایم ایس ٹی ایچ کیو کاہنہ نے سینیٹر کی چھت گرنے کے واقعے میں ملبے تلے دبنے سے 14 بچوں کی اموات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال میں 19 بچے لائے گئے تھے، جن میں 5 بچوں کی حالت بہتر ہے۔
ریسکیو کے مطابق متعلقہ کمرے کی چھت ٹی آر گارڈر کی مدد سے تعمیر کی گئی تھی، جو اچانک منہدم ہوگئی۔
واقعے کے بعد ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں، جہاں امدادی کارروائیاں جاری ہیں جب کہ ریسکیو اہلکار ملبے تلے دبے بچوں کو بحفاظت نکالنے کے لیے مسلسل آپریشن میں مصروف ہیں۔