نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر کا دو دن میں انٹرنیٹ اور راستے کھولنے کا اعلان
نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے آزاد کشمیر کے داخلی و خارجی راستے اور انٹرنیٹ سروس آئندہ دو روز میں بحال کرنے کا اعلان کردیا۔
ذرائع کے مطابق مرکزی ایوان صحافت کے پہلے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا کہ آزاد کشمیر کے داخلی اور خارجی راستے دو روز میں بحال کردیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ سروس بھی مرحلہ وار بحال کی جائے گی، پہلے مرحلے میں تعلیمی اداروں کے لیے آئندہ دو روز کے دوران انٹرنیٹ سروس کھول دی جائے گی۔
افتخار گیلانی کا کہنا تھا کہ تحریک آزادی کشمیر اور گڈ گورننس ان کی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔
حکومت آزاد کشمیر میں عوامی مسائل کے حل اور انتظامی امور میں بہتری کے لیے اقدامات کرے گی۔
نومنتخب وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہوگی کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور موجودہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔
افتخار گیلانی نے وزیراعظم آزاد کشمیر کا منصب سنبھالنے کے بعد مرکزی ایوان صحافت کا پہلا دورہ کیا، جہاں انہوں نے صحافتی برادری سے بھی گفتگو کی۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے بیرسٹر افتخار گیلانی آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں 30 ووٹ حاصل کرکے ریاست کے 17ویں وزیراعظم منتخب ہوئے، انہوں نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا، اسمبلی سے اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور کشمیر ایک دوسرے کے بغیر ادھورے اور نامکمل ہیں، کشمیر میں اسی طرح تبدیلی لائیں گے جیسے پنجاب میں مریم نواز لائی ہیں۔