پشاور میں پولیس مقابلہ: 3 صوبوں اور اسلام آباد پولیس کو مطلوب ڈکیت گینگ کا خاتمہ
تھانہ آغا میر جانی شاہ کی حدود میں پولیس مقابلے کے دوران 3 صوبوں اور اسلام آباد پولیس کو انتہائی مطلوب ڈکیت گینگ کے سرغنہ سمیت 4 ارکان ہلاک ہوگئے، جبکہ گینگ کے 2 ارکان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ملزمان گزشتہ تقریباً 15 سال سے سنگین جرائم میں ملوث تھے اور ان کا نیٹ ورک خیبر پختونخوا، پنجاب، سندھ اور اسلام آباد تک پھیلا ہوا تھا۔
پشاور کے تھانہ آغا میر جانی شاہ کی حدود میں پولیس اور ڈکیت گینگ کے درمیان مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، جس میں گینگ کے سرغنہ وقار سمیت 4 ڈکیت ہلاک ہوگئے۔
پولیس کے مطابق مقابلے کے دوران گینگ کے 2 ارکان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ گینگ گزشتہ تقریباً 15 سال سے جرائم میں سرگرم تھا اور اس کا نیٹ ورک خیبر پختونخوا، پنجاب، سندھ اور اسلام آباد تک پھیلا ہوا تھا۔
سی سی پی کے مطابق گینگ کے ارکان سنگین وارداتوں میں ملوث اور مختلف مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔ گروہ کے اہم ارکان میں ساحل عرف سعود، اعجاز عرف پہلوان، حفیظ عرف چرّا، گران ولی اور علی عرف شینا شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق گینگ کے سرغنہ وقار کا تعلق پشاور سے تھا، جبکہ گران ولی اور علی عرف شینا افغان باشندے ہیں۔
سی سی پی کے مطابق گینگ کے ارکان مختلف مقدمات میں ایک درجن سے زائد مرتبہ نامزد اور گرفتار ہوچکے تھے، تاہم عدالتوں سے ضمانت پر رہا ہوتے رہے۔
پولیس کے مطابق گینگ کے ارکان وارداتوں کے دوران سیکیورٹی فورسز سے مشابہ لباس اور آلات بھی استعمال کرتے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گینگ حیات آباد میں 80 لاکھ روپے جبکہ یکہ توت میں تقریباً 2 کروڑ روپے کی ڈکیتی سمیت متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔
پولیس نے فرار ہونے والے گینگ کے 2 ارکان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں مزید تیز کردی ہیں۔