پی ٹی آئی کا آزاد جموں و کشمیر انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا اور پارلیمانی بورڈ کی جانب سے امیدواروں کو ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق کی گئی تمام سفارشات بھی فوری طور پر معطل کر دی ہیں۔

جمعرات کو پاکستان تحریک انصاف نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات سے متعلق اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ غیر معمولی حالات کے پیشِ نظر پارٹی انتخابات میں حصہ نہیں لے گی اور آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

پی ٹی آئی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ حالات معمول پر آنے تک انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ کسی سیاسی حکمتِ عملی کا حصہ نہیں بلکہ کشمیری عوام کے ساتھ اصولی اظہارِ یکجہتی ہے۔

پی ٹی آئی نے مؤقف اختیار کیا کہ آزاد جموں و کشمیر اس وقت شدید سیاسی اور انسانی بحران سے گزر رہا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ راولاکوٹ میں عوام اپنے جائز مطالبات کے حق میں دھرنا دیے ہوئے ہیں جب کہ طاقت کے استعمال سے قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ کشمیری عوام کے مسائل کا فوری اور منصفانہ حل نکالا جائے، آزاد جموں و کشمیر کی آئینی شناخت کو مجروح کیا جا رہا ہے، کشمیری عوام کی نمائندہ آوازوں کو دبایا جا رہا ہے، سیاسی کارکنوں کے خلاف کارروائیاں اور گرفتاریاں کی جا رہی ہیں جب کہ اظہارِ رائے کی آزادی محدود اور میڈیا پر قدغنیں عائد ہیں۔

پی ٹی آئی کے مطابق ایسے ماحول میں انتخابی عمل اپنی ساکھ اور معنویت کھو دیتا ہے، اس لیے پارٹی انتخابات میں حصہ لینے کے بجائے کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہوگی۔

اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے معاملات افہام و تفہیم کے ذریعے حل کیے جائیں، اس کے مطالبات کا منصفانہ حل نکالا جائے، انتخابی شیڈول پر نظرثانی کی جائے اور تمام سیاسی جماعتوں کو آزادانہ، منصفانہ اور پُرامن انتخابی ماحول فراہم کیا جائے۔

پارٹی نے واضح کیا کہ آزاد، منصفانہ اور پُرامن سیاسی ماحول کے بغیر انتخابی عمل کا حصہ نہیں بنیں گے جب کہ کشمیری عوام کے جمہوری حقوق کے لیے اس کی سیاسی جدوجہد جاری رہے گی۔

پاکستان تحریک انصاف نے یہ بھی اعلان کیا کہ پارلیمانی بورڈ کی جانب سے امیدواروں کو ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق کی گئی تمام سفارشات فوری طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔

اعلامیے کے مطابق موجودہ حالات کے باعث ٹکٹوں کے اجرا یا انتخابی عمل سے متعلق کسی بھی مرحلے پر مزید پیش رفت نہیں کی جائے گی اور اس حوالے سے تمام امور سیاسی ماحول کی بحالی اور پارٹی کے آئندہ فیصلے تک مؤخر رہیں گے۔

پی ٹی آئی آزاد کشمیر انتخابات میں حصہ نہیں لے گی: بیرسٹر گوہر

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پارٹی نے 27 جولائی کو ہونے والے آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ پی ٹی آئی آزاد کشمیر کی قیادت اور اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد کیا گیا جب کہ اس میں آزاد کشمیر کی موجودہ صورت حال اور وہاں کے عوام کی خواہشات اور جذبات کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات ایک ایسا جمہوری عمل ہوتے ہیں، جس میں عوام آزادانہ، منصفانہ اور شفاف طریقے سے اپنی مرضی کے مطابق ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے اپنے نمائندوں کا انتخاب کرتے ہیں تاہم موجودہ حالات اس جمہوری اصول کے برعکس ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا کہ پارٹی نے پارلیمانی بورڈ کی جانب سے ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق سفارشات پر عمل درآمد بھی معطل کر دیا ہے جب کہ ان سفارشات کے خلاف متاثرہ امیدواروں کی جانب سے دائر اپیلوں پر کارروائی بھی فی الحال روک دی گئی ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ آزاد جموں و کشمیر میں پارٹی سے وابستہ تمام کارکن اور رہنما اس فیصلے کی حمایت کریں گے۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف بانی چیئرمین عمران خان کے نظریے کے مطابق ملک، قوم اور جمہوریت کے مفاد میں اپنے تمام فیصلے باہمی مشاورت سے کرتی ہے۔

Related posts