کراچی: اسٹیڈیم روڈ پر نجی اسپتال کے باہرسے انسانی ٹانگ برآمد
کراچی کے اسٹیڈیم روڈ پر واقع ایک نجی اسپتال کے باہر سے انسانی ٹانگ برآمد ہونے پر علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملنے پر نیو ٹاؤن پولیس موقع پر پہنچ گئی اور واقعے کی تحقیقات شروع کردیں۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ انسانی ٹانگ خیرپور سے تعلق رکھنے والے ایک شوگر کے مریض کی ہے، جو علاج کے لیے نجی اسپتال آیا تھا۔ اسپتال میں آپریشن کے دوران مریض کی ٹانگ کاٹنی پڑی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مریض کے اہلخانہ کو انسانی اعضا کی تدفین کے طریقہ کار اور قبرستان کے بارے میں معلومات نہیں تھیں، جس کے باعث وہ کٹی ہوئی ٹانگ اسپتال کے باہر چھوڑ کر چلے گئے۔
پولیس کے مطابق ایک شہری نے اسپتال کے باہر انسانی ٹانگ دیکھ کر اطلاع دی، جس پر پولیس موقع پر پہنچی اور معاملے کی جانچ کی۔ متعلقہ افراد کی موجودگی میں انسانی عضو ریسکیو حکام کے حوالے کردیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق مزید معلومات حاصل کی جارہی ہیں اور اسپتال انتظامیہ سمیت متعلقہ افراد سے بھی تفصیلات لی جارہی ہیں۔