کراچی سمیت مختلف شہروں میں بارش کا امکان، لینڈ سلائیڈنگ اور طغیانی کا خدشہ

محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت ملک کے شہروں میں بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کے خدشے کے پیش نظر شہریوں اور سیاحوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج موسم گرم اور شدید حبس والا رہنے کا امکان ہے، جبکہ راولپنڈی، مری، گلیات، چکوال، جہلم اور لاہور میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

مسلسل بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، جس کے باعث متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، جبکہ شدید گرمی کی لہر برقرار رہ سکتی ہے۔

تاہم کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے گرمی کی شدت میں جزوی کمی آسکتی ہے۔

ادھر بلوچستان کے اضلاع خضدار اور ژوب میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ دیگر علاقوں میں موسم زیادہ تر گرم رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے سیاحوں، بالخصوص شمالی اور پہاڑی علاقوں کا رخ کرنے والے افراد کو موسمی صورتحال کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔

Related posts