ہیری کین کے دو گول، انگلینڈ نے کانگو سے ہارا ہوا میچ کیسے جیتا؟
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 32 میں انگلینڈ نے ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1-2 سے شکست دے دی۔
اٹلانٹا کے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں دونوں ٹیموں کے لیے آگے بڑھنے کا یہ بہترین موقع تھا۔ میچ کا آغاز ڈی آر کانگو کے لیے شاندار رہا اور ساتویں منٹ میں ہی ڈی آر کانگو کے کھلاڑی برائن سیپینگا نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا کر سب کو حیران کردیا۔
اس کے بعد انگلینڈ نے مسلسل حملے کیے لیکن کانگو کے گول کیپر لیونل مپاسی نے شاندار سیو کر کے ان حملوں کو روکا۔
میچ کے پہلے ہاف تک کانگو کی ٹیم 0-1سے آگے تھی اور ایسا لگ رہا تھا کہ وہ یہ میچ جیت جائے گی۔
لیکن دوسرے ہاف میں انگلینڈ کے کپتان ہیری کین نے میچ کا پانسہ ہی پلٹ دیا اور آخرکار 75ویں منٹ میں کپتان ہری کین نے ہیڈر کے ذریعے گول کر کے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔ یہ گول انتھونی گورڈن کے خوبصورت کراس پر ہوا۔
اس کے بعد میچ مزید دلچسپ ہو گیا۔ کانگو نے بھی جوابی حملے کیے لیکن انگلینڈ نے آخر میں فیصلہ کن وار کیا۔ 86ویں منٹ میں ایک ریباؤنڈ پر ہری کین نے شاندار کِک لگا کر دوسرا گول کیا اور اپنی ٹیم کو 1-2 کی برتری دلا دی۔
آخری لمحات میں ڈی آر کانگو نے ایک فری کک کے ذریعے گول برابر کرنے کی کوشش کی لیکن گیند گول کے اوپر سے چلی گئی۔ اس طرح انگلینڈ نے سخت مقابلے کے بعد میچ جیت لیا۔
شکست کے باوجود ڈی آر کانگو کی کارکردگی کو بہت سراہا جا رہا ہے کیونکہ یہ ان کا ورلڈ کپ ناک آؤٹ مرحلے میں پہلا تجربہ تھا اور انہوں نے مضبوط ٹیم کے خلاف بھرپور مقابلہ کیا۔
اس جیت کے ساتھ ہی انگلینڈ کی ٹیم اب اگلے راؤنڈ میں پہنچ گئی ہے جہاں اس کا مقابلہ میکسیکو سے ہوگا۔ یہ مقابلہ مزید سخت ہونے کی توقع ہے۔
کانگو کی ٹیم بہت اچھا کھیلنے کے باوجود ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی جس پر ان کے مداح کافی اداس دکھائی دیے۔