ہراسگی کیس: مومنہ اقبال نے ایم پی اے ثاقب چدھڑ کے خلاف ثبوت پیش کردیے
پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال نے صوبائی اسمبلی کے ایک رکن ثاقب چدھڑ پر ہراسگی کا الزام عائد کرتے ہوئے اہم شواہد نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) میں پیش کر دیے ہیں۔ اداکارہ کے وکیل نے بتایا کہ ایم پی اے مومنہ اقبال سے تیسری شادی کرنا چاہتے تھے، انکار پر ہراساں کیا،نوٹس لینے پر وزیراعلیٰ پنجاب کے مشکور ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی اسمبلی کے رکن ثاقب چدھڑ کے خلاف اداکارہ مومنہ اقبال کو ہراساں کرنے کے کیس میں سنسنی خیز پیش رفت سامنے آئی ہے۔
نامور اداکارہ مومنہ اقبال اپنے وکیل کے ہمراہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے دفتر میں پیش ہوئیں، جہاں انہوں نے مبینہ ہراسگی سے متعلق اپنا مؤقف ریکارڈ کرایا۔
سیکیورٹی اور تفتیشی ذرائع نے بتایا کہ این سی سی آئی اے کے دفتر میں پیشی کے دوران اداکارہ مومنہ اقبال نے مبینہ طور پر ہراساں کیے جانے، دھمکی آمیز پیغامات اور دیگر ڈیجیٹل شواہد تفتیشی ٹیم کے حوالے کیے۔
حکام کی جانب سے ان ثبوتوں کی تصدیق اور کیس کے مختلف پہلوؤں سے متعلق اداکارہ سے تفصیلی سوال جواب کیے گئے، جو کئی گھنٹوں تک جاری رہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کیس کی حساسیت اور شوبز انڈسٹری سے وابستگی کے باعث میڈیا نمائندوں کی بڑی تعداد دفتر کے باہر موجود تھی تاہم اداکارہ مومنہ اقبال نے تفتیش مکمل ہونے کے بعد این سی سی آئی اے دفتر کا عقبی راستہ اختیار کرتے ہوئے روانہ ہو گئیں۔
مومنہ اقبال کے وکیل اور بہن کی میڈیا سے گفتگو
بعدازاں اداکارہ مومنہ اقبال کے وکیل اور بہن نے میڈیا سے گفتگو کی۔ وکیل نے دعویٰ کیا کہ متعلقہ ایم پی اے نوٹس جاری ہونے کے باوجود تاحال پیش نہیں ہوئے۔ وکیل کے مطابق ایم پی اے اداکارہ مومنہ اقبال سے شادی کے خواہاں تھے اور دونوں کے درمیان 2022 سے تعلقات تھے۔
وکیل نے بتایا کہ ایم پی اے نے مومنہ اقبال کے لیے باقاعدہ رشتہ بھی بھیجا تھا اور وہ اداکارہ سے تیسری شادی کرنا چاہتے تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جب مومنہ اقبال کو ایم پی اے کی شادی کے بارے میں معلوم ہوا تو انہوں نے تعلق ختم کردیا۔
وکیل کے مطابق بعد ازاں جب مومنہ اقبال کا کہیں اور رشتہ طے پایا تو ایم پی اے کی جانب سے انہیں ہراساں کیا گیا۔
اداکارہ کے وکیل نے کہا کہ مومنہ اقبال کی شادی مقررہ تاریخ پر ہی ہوگی اور انہیں امید ہے کہ اداکارہ کو انصاف ملے گا۔ وکیل نے اس معاملے کا نوٹس لینے پر وزیراعلیٰ پنجاب کا بھی شکریہ ادا کیا۔
دوسری طرف تحقیقات سے واقف ذرائع کے مطابق متعلقہ ایم پی اے کو بھی آج دوپہر ایک بجے این سی سی آئی اے میں طلب کیا گیا تھا تاہم مقررہ وقت گزرنے کے باوجود وہ تاحال پیش نہیں ہوئے۔
اداکارہ مومنہ اقبال کی جانب سے دائر کی گئی آن لائن ہراسگی کی درخواست کے بعد معاملے کی تحقیقات کے لیے این سی سی آئی اے لاہور نے دونوں فریقین کو آج ادارے طلب کیا تھا۔
کراچی سے آن لائن موصول ہونے والی درخواست میں مسلم لیگ (ن) کے رکنِ صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ کے خلاف الزامات عائد کیے گئے ہیں، جس کے بعد این سی سی آئی اے لاہور نے ابتدائی کارروائی کا آغاز کیا۔
ابتدائی مرحلے میں کیس کا میرٹ پر جائزہ لیا گیا چونکہ معاملہ آن لائن ہراسگی کیس سے متعلق ہے، اس لیے ڈیجیٹل شواہد، سوشل میڈیا ریکارڈ اور دیگر متعلقہ مواد کا تفصیلی معائنہ کیا جائے گا۔
تفتشیی ذرائع کے مطابق این سی سی آئی اے دونوں فریقین کے بیانات قلمبند کرے گی اور دستیاب شواہد کی روشنی میں فیصلہ کیا جائے گا کہ آیا مقدمہ درج کیا جائے یا نہیں، اگر تحقیقات کے دوران زبانی یا آن لائن ہراسمنٹ کے الزامات ثابت ہوئے تو معاملہ باقاعدہ پولیس کیس کی صورت اختیار کر سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی تفتیش مکمل ہونے کے بعد قانونی کارروائی کا دائرہ کار بھی طے کیا جائے گا، جبکہ شواہد کی بنیاد پر مزید پیش رفت متوقع ہے۔
واضح رہے کہ اداکارہ مومنہ اقبال نے دو روز قبل سوشل میڈیا پر الزام عائد کیا تھا کہ انہیں ایک بااثر سیاسی شخصیت کی جانب سے طویل عرصے سے آن لائن ہراسانی، سائبر بُلنگ، ذہنی دباؤ اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کا سامنا ہے۔

اداکارہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک اسٹوری میں تفصیلی بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے اس معاملے کی متعدد بار این سی سی آئی اے، ایف آئی اے اور پنجاب پولیس کو شکایات درج کروائیں لیکن مبینہ سیاسی اثر و رسوخ کے باعث کارروائی نہیں ہوسکی۔
اداکارہ مومنہ اقبال کے مطابق انصاف فراہم کرنے کے بجائے ان کی حوصلہ شکنی کی گئی جب کہ انہیں اور ان کے اہلخانہ کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سمیت متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا تھا کہ معاملے کی شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور ان کے خاندان کو فوری تحفظ فراہم کیا جائے۔
اداکارہ نے اعلیٰ حکام، اہم سرکاری دفاتر، نیوز چینلز اور مختلف میڈیا پلیٹ فارمز کو بھی اپنی پوسٹ میں ٹیگ کیا تھا۔