7 ستمبر یومِ فضائیہ: صدر، وزیراعظم سمیت وفاقی وزرا کا شہداء کو خراجِ عقیدت
یومِ فضائیہ کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اور دیگر رہنماؤں نے پاک فضائیہ کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ملکی فضائی حدود کے دفاع میں ان کی خدمات اور قربانیوں کو سراہا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاک فضائیہ نے فضائی معرکوں میں اپنی پیشہ ورانہ برتری اور غلبے کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے معرکۂ حق میں فیصلہ کن کردار ادا کیا اور تعداد میں کم ہونے کے باوجود دشمن کا مقابلہ کرنے کی شاندار روایت برقرار رکھی۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ دشمن خواہ کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو، پاکستانی قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتا۔ پاک فضائیہ ملک کی خودمختاری اور فضائی حدود کے دفاع کے لیے ہر لمحہ مستعد ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ فضائیہ پر اپنے پیغام میں کہا کہ جنگِ ستمبر میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے کامیابی کے ساتھ ملکی فضائی حدود کا دفاع کیا اور اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال مئی میں بھی پاکستان نے جارح دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے اسے شکست دی، جبکہ پاک فضائیہ نے پاک افواج کی دیگر سروسز کے ساتھ مثالی ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے ایک بار پھر تعداد میں کم ہونے کے باوجود دشمن کا مقابلہ کرنے کی اپنی شاندار روایت برقرار رکھی۔ قوم پاک فضائیہ کے ہیروز کی بے مثال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ سمیت دیگر وفاقی وزراء نے بھی یومِ فضائیہ کے موقع پر اپنے پیغامات میں پاک فضائیہ کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وفاقی وزراء نے کہا کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے 1965 کی جنگ میں دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا تھا۔ انہوں نے اسکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم کی شجاعت کو پاکستان کی فوجی تاریخ کا سنہری اور ناقابلِ فراموش باب قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم ایم عالم اور پاک فضائیہ کے دیگر شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ملک کے دفاع کی نئی مثالیں قائم کیں، جنہیں قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔
وفاقی وزراء نے کہا کہ پاک فضائیہ کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت، صلاحیت اور ملک کے دفاع کے لیے اس کی خدمات پر پوری قوم کو فخر ہے۔ یومِ فضائیہ دراصل ان تمام بہادر شاہینوں کو یاد کرنے کا دن ہے جنہوں نے پاکستان کی فضائی حدود کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کی قربانی دی۔