آزاد کشمیر: تعلیمی اداروں کی حد تک انٹرنیٹ سروس بحال ہونا شروع

آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ سروسز کی مرحلہ وار بحالی کا عمل شروع کردیا گیا، مختلف اضلاع میں محدود انٹرنیٹ سروس بحال کردی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ آزاد کشمیر کے مطابق وادی نیلم، وادی لیپہ اور ضلع حویلی میں انٹرنیٹ سروس بحال کردی گئی ہے، جبکہ حویلی میں ڈی ایس ایل کے ساتھ 3G اور 4G انٹرنیٹ سروس بھی بحال کی جارہی ہے۔

مظفرآباد، باغ اور دھیرکوٹ میں بھی محدود انٹرنیٹ سروس بحال کردی گئی ہے۔ مظفرآباد میں فی الحال تعلیمی اداروں اور بینکوں کے لیے صرف ڈی ایس ایل سروس بحال کی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ آزاد کشمیر کے مطابق ڈی ایس ایل اور تھری جی، فور جی انٹرنیٹ سروسز مرحلہ وار بحال کی جارہی ہیں، تاہم کچھ علاقوں میں سروس صرف تعلیمی اداروں اور بینکوں تک محدود رکھی گئی ہے۔

میرپور اور بھمبر کے اضلاع میں ڈی ایس ایل انٹرنیٹ سروس دستیاب ہے، جبکہ دونوں اضلاع میں لینڈ لائن سروسز بھی بحال کردی گئی ہیں۔

دوسری جانب سہنسہ، سرساوہ، بلوچ اور تتہ پانی میں انٹرنیٹ سروس تاحال معطل ہے، جبکہ راولاکوٹ اور سدھنوتی میں بھی فی الحال انٹرنیٹ سروس بحال نہیں کی گئی۔

خیال رہے کہ دو روز قبل نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے آزاد کشمیر کے داخلی و خارجی راستے اور انٹرنیٹ سروس آئندہ دو روز میں بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا تھا کہ آزاد کشمیر کے داخلی اور خارجی راستے دو روز میں بحال کردیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ سروس بھی مرحلہ وار بحال کی جائے گی، پہلے مرحلے میں تعلیمی اداروں کے لیے آئندہ دو روز کے دوران انٹرنیٹ سروس کھول دی جائے گی۔

افتخار گیلانی کا مزید کہنا تھا کہ تحریک آزادی کشمیر اور گڈ گورننس ان کی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔

Related posts