ترک فضائیہ کا ایف 16 طیارہ تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ
ترک فضائیہ کا ایف 16 جنگی طیارہ تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوگیا ہے، تاہم پائلٹ نے بروقت طیارے سے باہر نکل کر اپنی جان بچالی۔
ترک وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ترک فضائیہ کا ایف 16 جنگی طیارہ بدھ کے روز شمال مغربی ترکیہ کے علاقے یالووا میں تربیتی پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہوا تاہم پائلٹ نے طیارے سے بحفاظت ایجیکٹ کرلیا اور محفوظ رہا جب کہ حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
وزارت دفاع کے مطابق حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور حادثے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی تاکہ طیارے کے گرنے کی وجوہات کا تعین کیا جاسکے۔ یالووا استنبول کے جنوب مشرق میں بحیرہ مرمرہ کے ساحل پر واقع ہے۔
ترک خبر رساں ادارے آئی ایچ اے کی جانب سے نشر کی گئی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک طیارہ انتہائی کم بلندی پر فضا میں تیزی سے آگے بڑھتا ہے اور درختوں کے پیچھے غائب ہوجاتا ہے، جس کے فوراً بعد جائے حادثہ سے سیاہ دھویں کا گہرا بادل اٹھتا دکھائی دیتا ہے۔
نجی ترک ٹی وی چینل این ٹی وی کے مطابق طیارہ ایک فضائی اڈے کے قریب گر کر تباہ ہوا، جس کے بعد امدادی ٹیموں کی متعدد ٹیمیں جائے حادثہ کی جانب روانہ کی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق حادثے میں محفوظ رہنے والے پائلٹ کو طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
یہ ترکیہ کے ایف 16 طیارے کا حالیہ عرصے میں دوسرا بڑا حادثہ ہے، تقریباً 6 ماہ قبل بھی ایک ترک ایف 16 جنگی طیارہ بلغاریہ کی سرحد کے قریب الرٹ رسپانس مشن کے دوران ٹیک آف کے کچھ دیر بعد گر کر تباہ ہوگیا تھا، جس میں پائلٹ ہلاک ہوگیا تھا۔
اس سے قبل نومبر میں ترکیہ نے اپنے سی 130 مال بردار فوجی طیاروں کی پروازیں بھی معطل کردی تھیں، یہ اقدام اس وقت کیا گیا جب آذربائیجان سے واپسی کے دوران ایک سی 130 طیارہ جارجیا میں گر کر تباہ ہوگیا تھا، حادثے میں طیارے میں سوار تمام 20 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔