امریکا میں کارگو طیارہ لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار، 5 افراد جھلس کر ہلاک

امریکی ریاست فلوریڈا کے میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایمیزون پرائم ایئر کا کارگو طیارہ لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا۔ طیارہ رن وے سے باہر نکل کر متعدد گاڑیوں سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔ زخمیوں میں تین کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

حکام کے مطابق اتوار کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر تقریباً دو بجے فلائٹ 7598 میامی ایئرپورٹ کے ایک رن وے پر اترتے ہوئے قابو سے باہر ہوئی۔ رن وے سے نکلنے کے بعد طیارہ زمین پر موجود کئی گاڑیوں سے جا ٹکرایا، جس کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی۔ حادثے کے نتیجے میں بعض افراد گاڑیوں میں پھنس گئے جبکہ طیارے کے پائلٹ اور معاون پائلٹ بھی جہاز کے اندر پھنسے رہے۔

میامی ڈیڈ فائر ریسکیو کے مطابق حادثے کے بعد 60 سے زائد امدادی یونٹس اور تقریباً 200 اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے۔ امدادی کارروائیوں کے دوران طیارے سے ایندھن کے اخراج کا مسئلہ بھی موجود رہا، جس کے باعث صورتِ حال کو خطرناک قرار دیا گیا۔ حکام نے ہلاک ہونے والوں کی شناخت فوری طور پر ظاہر نہیں کی۔

حادثے کا شکار بوئنگ 767-300 کارگو طیارہ پورٹو ریکو کے شہر سان خوان سے میامی پہنچا تھا۔ فلائٹ ٹریکنگ سروس فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق طیارہ رن وے سے باہر نکلتے وقت تقریباً 112 ناٹ، یعنی 207 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کر رہا تھا۔

طیارہ 32 سال پرانا تھا اور 1994 سے 2015 تک مختلف فضائی کمپنیوں کے لیے مسافر طیارے کے طور پر بھی استعمال ہوتا رہا۔ بعد ازاں کارگو طیارے کے طور پر چلایا جانے لگا۔ ایمیزون کے ترجمان کے مطابق طیارہ کارگو ایئرلائن 21 ایئر کے ذریعے ایمیزون کے لیے آپریٹ کیا جا رہا تھا۔

حادثے کے فوراً بعد میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تمام پروازیں روک دی گئی تھیں، تاہم اتوار کی شام تک چار میں سے دو رن وے دوبارہ کھول دیے گئے۔ حکام نے حادثے کی وجہ فوری طور پر بتانے سے گریز کیا اور کہا کہ اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

امریکا کے نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے حادثے کی تحقیقات کے لیے اپنی ٹیم میامی روانہ کردی ہے۔ بورڈ کی سربراہ جینیفر ہومینڈی کی قیادت میں ٹیم حادثے کے شواہد کا جائزہ لے گی اور پیر کو میامی میں ابتدائی میڈیا بریفنگ بھی کرے گی۔

ایمیزون اور 21 ایئر نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حکام کے ساتھ تحقیقات میں مکمل تعاون کر رہے ہیں۔ ایمیزون کے مطابق اس وقت کمپنی کی اولین ترجیح حادثے میں ملوث تمام افراد کی حفاظت، علاج اور دیکھ بھال ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ ایمیزون پرائم ایئر کے لیے آپریٹ کرنے والا بوئنگ 767 کارگو طیارہ مہلک حادثے کا شکار ہوا ہو۔ فروری 2019 میں ایمیزون پرائم ایئر کے لیے چلنے والی اٹلس ایئر کی ایک بوئنگ 767 کارگو پرواز ٹیکساس کی ٹرینٹی بے میں گر کر تباہ ہوگئی تھی، جس میں سوار تینوں افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

Related posts