پاکستان نے نیپال کے سیلاب متاثرین کے لیے 100 ٹن امدادی سامان روانہ کر دیا

حکومت پاکستان نے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر نیپال کے حالیہ تباہ کن سیلاب سے متاثرہ عوام کی مدد کے لیے امدادی سامان روانہ کردیا ہے۔

اتوار کے روز نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 100 ٹن امدادی سامان چارٹرڈ طیارے کے ذریعے اسلام آباد سے نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو روانہ کیا۔

این ڈی ایم اے کے مطابق امدادی کھیپ میں خیمے، کمبل، میٹس، حفظانِ صحت کی کٹس اور ضروری ادویات شامل ہیں، جنہیں نیپال کے سیلاب سے متاثرہ افراد کی فوری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے روانہ کیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نیپال کے لیے امدادی سامان کی روانگی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں پاکستان میں تعینات نیپال کے سفیر سمیت این ڈی ایم اے، وزارت خارجہ اور مختلف فلاحی اداروں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے 26 اگست کو نیپال میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان اور انسانی بحران پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق سیلاب سے 1300 سے زائد افراد جاں بحق جب کہ 4200 سے زیادہ لاپتا ہیں اور انتہائی مشکل حالات میں امدادی و ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں نیپال کے عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑا ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر روانہ کی جانے والی امداد نیپالی عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 100 ٹن امدادی سامان صرف ضروری اشیا کی ایک کھیپ نہیں بلکہ پاکستانی عوام کی جانب سے نیپالی عوام کے لیے یکجہتی کا پیغام ہے۔ پاکستان خود بھی تباہ کن زلزلوں اور سیلابوں کا سامنا کرچکا ہے، اس لیے وہ ایسی قدرتی آفات سے پیدا ہونے والے دکھ اور مشکلات کو سمجھتا ہے۔

طارق فضل چوہدری نے نیپال کی حکومت، سیکیورٹی فورسز، امدادی کارکنوں، انسانی ہمدردی کی تنظیموں اور رضاکاروں کی کوششوں کو سراہا جو متاثرہ علاقوں میں جانیں بچانے اور لوگوں کو امداد فراہم کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نیپال کے عوام کے لیے پاکستان کا پیغام واضح ہے کہ وہ اس مشکل وقت میں تنہا نہیں ہیں اور پاکستان ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لیے مغفرت اور لاپتا افراد کی بحفاظت بازیابی کی دعا کرتے ہوئے متاثرہ آبادی کی جلد بحالی اور معمولات زندگی کی بحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے امدادی مشن کے لیے محفوظ سفر اور پاکستان کی جانب سے بھیجی گئی انسانی امداد کی کامیاب ترسیل کے لیے بھی دعا کی۔

چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے امدادی سامان کی بروقت روانگی کے لیے متعلقہ اداروں کی مربوط کوششوں کو سراہا۔ این ڈی ایم اے کے مطابق امدادی سامان کی فراہمی کا مقصد متاثرہ علاقوں میں بنیادی ضروریات کی کمی کو پورا کرنے میں نیپالی حکام کی معاونت کرنا ہے۔

Related posts