دورہ انگلینڈ میں پاکستان کی بدترین پرفارمنس: ٹیم سے ہنگامی بنیادوں پر بڑے کھلاڑی باہر

انگلینڈ کے دورے میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی بدترین بیٹنگ پرفارمنس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہنگامی بنیادوں پر ٹیم میں تبدیلیوں کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق غیر ذمہ دارانہ بیٹنگ اور ناقص کارکردگی پر محمد رضوان اور امام الحق کو ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا ہے، جبکہ امام الحق کی انجری سے متعلق بھی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لارڈز ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں امام الحق بیٹنگ کے لیے میدان میں نہیں اترے، تاہم انہیں گراؤنڈ میں پریکٹس کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

اس صورتِ حال کے بعد ان کی انجری پر سوالات اٹھنے لگے ہیں اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے معاملے کی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم میں فوری تبدیلیوں کے تحت صائم ایوب، عبداللہ فضل اور عرفات منہاس سمیت 6 کھلاڑیوں کو انگلینڈ طلب کرلیا گیا ہے۔ نئے کھلاڑیوں کی شمولیت کا مقصد ٹیم کی بیٹنگ لائن کو مضبوط بنانا اور آخری ٹیسٹ میں بہتر کارکردگی کا موقع پیدا کرنا ہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آخری میچ 9 ستمبر سے شروع ہوگا، جس کے لیے قومی ٹیم میں مزید تبدیلیوں کا امکان بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق انگلینڈ کے دورے میں قومی ٹیم کی مسلسل خراب بیٹنگ پرفارمنس نے ٹیم مینجمنٹ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو سخت فیصلے کرنے پر مجبور کردیا ہے۔

تاہم حتمی ٹیم اور پلیئنگ الیون کا اعلان پی سی بی کی جانب سے باضابطہ طور پر کیا جائے گا۔

Related posts