دورۂ انگلینڈ کی تحقیقات: امام الحق اور رضوان این سی سی آئی اے میں طلب
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے قومی کرکٹ ٹیم کے دو کھلاڑیوں امام الحق اور محمد رضوان کو طلب کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق این سی سی آئی اے نے دونوں قومی کرکٹرز کو دورۂ انگلینڈ کے حوالے سے تحقیقات کے لیے طلب کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امام الحق اور محمد رضوان سے دورۂ انگلینڈ سے متعلق معاملات پر پوچھ گچھ کی جائے گی۔ تاہم تحقیقات کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں مبینہ نظم و ضبط اور رویے سے متعلق میڈیا رپورٹس کے بعد اندرونی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
پی سی بی کی جانب سے پیر کو جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ میڈیا میں سامنے آنے والی رپورٹس کا اندرونی طور پر جائزہ لیا جا رہا ہے اور معاملے کو بورڈ کے مقررہ قوانین اور طریقہ کار کے مطابق دیکھا جا رہا ہے۔
بورڈ کا کہنا تھا کہ تحقیقات کے دوران تمام متعلقہ افراد کا مؤقف اور دیگر پہلوؤں کو مناسب اہمیت دی جائے گی۔
پی سی بی کا مزید کہنا تھا کہ یہ عمل پی سی بی کے ضوابط کے تحت جاری ہے، جس میں تمام متعلقہ افراد کو مناسب طور پر زیرِ غور لایا جا رہا ہے۔
یہ پیش رفت پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ کے دورۂ انگلینڈ کے دوران کھلاڑیوں کے مبینہ ڈسپلن اور آف دی فیلڈ رویے سے متعلق سامنے آنے والی میڈیا رپورٹس کے بعد ہوئی ہے۔
اس سلسلے میں محمد رضوان اور امام الحق کے نام مبینہ طور پر آف دی فیلڈ معاملات کے حوالے سے لیے گئے تھے۔