پاکستانی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی برطانیہ آمد پر ہنگامے کی اطلاعات
برطانیہ کے شہر پورٹس ماؤتھ میں پاکستان کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو اس وقت عجیب صورتِ حال کا سامنا کرنا پڑا جب مظاہرین نے نوجوان کھلاڑیوں کو غلطی سے پناہ کے طلب گار سمجھ لیا۔
یہ واقعہ منگل کی شام میریئٹ ہوٹل کے باہر پیش آیا جہاں پاکستانی ٹیم قیام پذیر تھی۔ تقریباً 30 سے 40 افراد ہوٹل کے باہر جمع ہوگئے۔ سوشل میڈیا پر یہ افواہ پھیل گئی تھی کہ غیر ملکی افراد ایک کوچ کے ذریعے وہاں پہنچے ہیں، جس کے بعد پولیس کو شام ساڑھے 6 بجے سے کچھ دیر پہلے طلب کیا گیا۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر معلوم کیا کہ جن افراد کے بارے میں احتجاج کیا جا رہا ہے وہ دراصل پاکستان کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ہیں۔
ریفارم کونسلر جارج میڈگوک نے ہوٹل سے رابطہ کرکے پاکستانی ٹیم کے کوچ سے بات کی اور پھر مظاہرین کو حقیقت سے آگاہ کیا۔
جارج میڈگوک نے گارڈین سے گفتگو میں کہا کہ میں نے ٹیم کے کوچ سے بات کی، وہ اس معاملے کو سمجھ رہے تھے۔ میں مظاہرین کے پاس گیا اور کہا کہ آپ لوگوں کو غلط فہمی ہوئی ہے، یہ کرکٹ ٹیم ہے۔ وہ چند منٹ میں وہاں سے چلے گئے۔ یہ انتہائی بدقسمت واقعہ تھا۔
واقعے کی ابتدا اس وقت ہوئی جب بس سے اترنے والے افراد کی ایک تصویر آن لائن شیئر کی گئی۔ تصویر دیکھ کر لوگوں نے بغیر تصدیق کے یہ خیال قائم کرلیا کہ وہاں پناہ کے متلاشی افراد پہنچے ہیں۔
میڈگوک نے بی بی سی کو بتایاکہ کسی شخص نے سوشل میڈیا پر دیکھا کہ غیر ملکی نظر آنے والے کچھ لوگ کوچ سے اتر رہے ہیں اور ان کی تصویر آن لائن ڈال دی، جس کے بعد یہ معاملہ شروع ہوا۔ یہ محض قیاس آرائی تھی، اس کی حقیقت یا کسی ثبوت پر بنیاد نہیں تھی۔
ہیمپشائر پولیس کے مطابق اہلکاروں نے مظاہرین سے بات کرکے انہیں بتایا کہ ان کا خدشہ غلط فہمی پر مبنی ہے۔ پولیس نے کسی جرم کی نشاندہی نہیں کی اور مظاہرین رات 9 بجے سے کچھ دیر پہلے وہاں سے چلے گئے۔
پورٹس ماؤتھ نارتھ کی رکن پارلیمنٹ امانڈا مارٹن نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غلط معلومات کی وجہ سے نوجوان کرکٹرز کو نشانہ بنایا جانا قابل قبول نہیں۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے واقعے کے بعد پاکستان انڈر 19 ٹیم کی خیریت دریافت کی اور دورے کے باقی حصے کے لیے سیکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا ہے۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم اس وقت انگلینڈ کے دورے پر ہے۔ ٹیم کو ارنڈل میں انگلینڈ انڈر 19 کے خلاف چار روزہ میچ میں 10 رنز سے شکست ہوئی تھی، تاہم 9 ستمبر کو کھیلے گئے یوتھ ون ڈے میں پاکستان نے 177 رنز سے کامیابی حاصل کی۔