سندھ کے تمام اسکولوں کے اوقاتِ کار میں ایک گھنٹے کی کمی
سندھ بھر کے تمام اسکولوں کے اوقاتِ کار میں ایک گھنٹے کی کمی کر دی گئی ہے۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن اور سرکلر جاری کر دیا ہے، جس کے تحت نئے اوقاتِ کار کا اطلاق صوبے کے تمام تعلیمی اداروں پر فوری طور پر ہوگا۔ اس فیصلے کا مقصد طلبہ اور اساتذہ کو تعلیمی سرگرمیوں کے دوران سہولت فراہم کرنا ہے۔
صوبائی وزیرِ تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ کی خصوصی ہدایت پر یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن کے حکام کے مطابق اسکولوں کے ٹائم میں کی جانے والی یہ کمی آئندہ احکامات جاری ہونے تک برقرار رہے گی۔
تاہم، تعلیمی اداروں کے ہفتہ وار معمولات پر اس کا کوئی منفی اثر نہیں پڑے گا اور سندھ بھر کے اسکول پہلے کی طرح ہفتے میں پانچ دن تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔
محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ سابقہ سرکلر کی دیگر تمام شرائط، ہدایات اور قواعد و ضوابط بدستور نافذ رہیں گے اور ان میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے تمام اسکولوں کے سربراہان اور متعلقہ فیلڈ افسران کو سخت ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نئے اوقاتِ کار پر مکمل اور بلا تاخیر عمل درآمد کو ہر صورت یقینی بنائیں۔