سابق افغان فاسٹ بولر شاپور زادران انتقال کر گئے

افغانستان کے سابق فاسٹ بولر شاپور زادران 38 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔

افغانستان کرکٹ بورڈ نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

شاپور زادران کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور بھارت کے ایک مقامی اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔

افغانستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ شاپور زادران کے انتقال پر پورا کرکٹ حلقہ سوگوار ہے۔

بورڈ کے مطابق مرحوم کی نمازِ جنازہ سے متعلق اعلان اہلِ خانہ کی مشاورت سے بعد میں کیا جائے گا۔

شاپور زادران افغانستان کرکٹ کے ابتدائی کھلاڑیوں میں شمار ہوتے تھے اور ملک میں کرکٹ کے فروغ میں ان کا اہم کردار رہا۔

افغانستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شاپور زادران افغانستان کرکٹ کی بنیاد رکھنے والی نمایاں شخصیات میں شامل تھے، جن کی محنت، جذبے اور غیر متزلزل عزم نے ملک میں کرکٹ کے فروغ اور ترقی میں نہایت اہم کردار ادا کیا۔ وہ ان کرکٹرز میں سے تھے جنہوں نے افغانستان کے ابتدائی کرکٹ سفر میں مرکزی کردار ادا کیا اور افغان کرکٹ کو بین الاقوامی سطح تک پہنچانے کی راہ ہموار کی۔

بیان میں کہا گیا کہ میدان میں شاندار کارکردگی کے علاوہ شاپور زادران نوجوان افغان کرکٹرز اور دنیا بھر میں کرکٹ سے محبت کرنے والوں کے لیے بھی ایک بڑی تحریک تھے۔ ان کی جرات، ثابت قدمی اور کھیل سے محبت نے بے شمار نوجوانوں کو بڑے خواب دیکھنے اور افغانستان کرکٹ کے روشن مستقبل پر یقین رکھنے کا حوصلہ دیا۔

بورڈ نے شاپور زادران کے اہلِ خانہ، دوستوں، عزیز و اقارب، سابق ساتھی کھلاڑیوں اور افغانستان کی پوری کرکٹ برادری سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا انتقال ایک بڑا نقصان ہے، تاہم ان کی یاد ہمیشہ افغانستان کے عوام اور کرکٹ کی دنیا کے دلوں میں زندہ رہے گی۔

بیماری کے دوران افغانستان کرکٹ ٹیم کے متعدد موجودہ اور سابق کھلاڑی بھارت کے اسپتال میں ان کی عیادت کے لیے بھی جاتے رہے۔

شاپور زادران نے اپنے بین الاقوامی کیریئر میں افغانستان کی جانب سے 44 ایک روزہ اور 36 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے، جن میں انہوں نے اپنی تیز رفتار باؤلنگ سے ٹیم کی نمائندگی کی اور کئی یادگار فتوحات میں کردار ادا کیا۔

Related posts