سعودی عرب میں آرامکو کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 14 افراد جاں بحق

سعودی عرب کے مشرقی ساحلی شہر راس تنورہ میں سعودی آئل کمپنی آرامکو کا ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں اس میں سوار تمام 14 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جب کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ اداروں کی معاونت سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) نے سعودی وزارت توانائی کے حوالے سے بتایا کہ سعودی آرامکو کا ہیلی کاپٹر اتوار کی صبح تقریباً 6 بجے راس تنورہ میں گر کر تباہ ہوا، راس تنورہ سعودی عرب کے مشرقی ساحل پر آبنائے ہرمز کے مغرب میں واقع ایک اہم تیل بردار بندرگاہ ہے۔

بیان کے مطابق حادثے کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار تمام 14 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے اور ہلاک ہونے والے تمام افراد سعودی شہری تھے۔

وزارت توانائی نے کہا کہ ہیلی کاپٹر حادثے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی تاہم متعلقہ حکام کی شمولیت سے جامع تحقیقات جاری ہیں تاکہ حادثے کے اسباب کا تعین کیا جا سکے۔ بیان میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت اور ہمدردی بھی کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی آرامکو نے گزشتہ جمعہ کو خلیج میں واقع راس تنورہ آئل ٹرمینل پر خام تیل کی لوڈنگ دوبارہ شروع کی تھی۔ یہ سرگرمیاں امریکا اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ جنگ کے باعث تقریباً چار ماہ تک معطل رہنے کے بعد بحال کی گئی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق دنیا کے سب سے بڑے خام تیل برآمد کرنے والے ملک سعودی عرب نے مشرق وسطیٰ کے دیگر توانائی پیدا کرنے والے ممالک کے ساتھ مل کر تیل اور گیس کی پیداوار اور برآمدات میں اضافہ کیا ہے۔

یہ اقدامات جنگ بندی کے عبوری معاہدے سے قبل خطے سے توانائی کی ترسیل تیز کرنے کی کوششوں کا حصہ قرار دیے جا رہے ہیں۔

Related posts