سندھ حکومت کا سرکاری ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے روز ہی پنشن ادائیگی کا فیصلہ

سندھ حکومت نے یکم جنوری 2027 سے ریٹائر ہونے والے سرکاری ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے روز ہی پنشن کی ادائیگی کا فیصلہ کرلیا ہے جب کہ تمام محکموں کو احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔

چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت پنشن اور میڈیکل ری ایمبرسمنٹ سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری سروسز، سیکریٹری صحت اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران یکم جنوری 2027 سے ریٹائر ہونے والے ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے روز ہی پنشن کی ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔

چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے واضح ہدایات جاری کیں کہ سرکاری ملازم کو ملازمت کے آخری روز ہی پنشن اور بنیادی مالی واجبات ملنے چاہئیں جب کہ تمام صوبائی محکمے زیر التوا پنشن بل 3 ماہ میں کلیئر کریں۔

انہوں نے کہا کہ پنشن کے حصول کے لیے ریٹائرڈ ملازمین کو دفاتر کے چکر نہیں لگانے چاہئیں، پنشن کی بروقت ادائیگی کے لیے مربوط نظام تشکیل دیا جائے۔

آصف حیدر شاہ نے سیکریٹری سروسز کی سربراہی میں بین المحکماتی ٹاسک فورس قائم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے جب کہ ٹاسک فورس میں اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ، محکمہ خزانہ، محکمہ صحت، جنرل ایڈمنسٹریشن اور دیگر متعلقہ محکمے شامل ہوں گے۔

اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ پنشن کی بروقت ادائیگی کے لیے ضرورت کے مطابق قواعد میں ترامیم بھی تجویز کی جائیں، پنشن کی ادائیگی کا حتمی عملی فریم ورک ایک ہفتے میں پیش کیا جائے۔

چیف سیکریٹری سندھ نے اجلاس میں سرکاری ملازمین کے میڈیکل ری ایمبرسمنٹ کلیمز کی ادائیگی میں تاخیر کا بھی جائزہ لیا۔ حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ میڈیکل کلیمز میں تاخیر کی وجوہات میں نامکمل دستاویزات، ای ویری فکیشن اور این اے سی کے اجرا میں تاخیر شامل ہے۔ آصف حیدر شاہ نے کہا کہ میڈیکل کلیمز میں تاخیر پالیسی یا فنڈز نہیں بلکہ انتظامی رکاوٹوں کا مسئلہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میڈیکل ری ایمبرسمنٹ میں غیر ضروری کاغذی کارروائی ختم کی جائے، سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن کو میڈیکل ری ایمبرسمنٹ کے طریقہ کار کا مشترکہ جائزہ لینے کی ہدایت کی اور کہا کہ اے جی سندھ، خزانہ، سروسز اور دیگر محکمے میڈیکل کلیمز کا طریقہ کار آسان بنائیں۔

چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ سرکاری ملازمین اور ان کے اہل خانہ کے لیے میڈیکل کلیمز کا نظام آسان اور تیز بنایا جائے، ملازمین کو پنشن اور میڈیکل واجبات کے لیے غیر ضروری دفتری مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔

Related posts