پشاور: سی ٹی ڈی کی کارروائی، اہم کمانڈر سمیت 5 دہشت گرد ہلاک

پشاور کے شمشتو کیمپ ارمڑ کے علاقے میں محکمۂ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج سے وابستہ پانچ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

کاؤنٹر ٹیررازم ڈییپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) حکام کے مطابق کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں کالعدم تنظیم کا اہم کمانڈر عمران عرف عبداللہ بھی شامل ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق عمران عرف عبداللہ اسلام آباد سمیت مختلف مقامات پر دھماکوں، ٹارگٹ کلنگ اور دیگر مقدمات میں مطلوب تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ عمران عرف عبداللہ ترلئی امام بارگاہ خودکش حملہ کیس کے علاوہ مولانا خانزیب اور سینیٹر ہدایت اللہ کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق عمران عرف عبداللہ کے سر کی قیمت ایک کروڑ 20 لاکھ روپے مقرر تھی۔

کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے ایس ایم جی، دستی بم، خود ساختہ آئی ای ڈی اور دیگر اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔

Related posts