‘صہیونی و امریکی غرور کے خلاف مزاحمت جاری رکھیں گے’: پاسدارانِ انقلاب

پاسدارانِ انقلاب کا ’صہیونی امریکی غرور‘ کے خلاف مزاحمت جاری رکھنے کا اعلان، پاسدارانِ انقلاب کے نئے سربراہ میجر جنرل احمد واحدی نے کہا ہے کہ ’’صہیونی امریکی غرور‘‘ کے خلاف مزاحمت ہی آئی آر جی سی کا رہنما اصول ہوگی، جبکہ ’’مضبوط و متحد ایران‘‘ کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

ایرانی ویب سائٹ پریس ٹی وی کے مطابق ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) کے نئے سربراہ میجر جنرل احمد واحدی نے آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کا عزم کرتے ہوئے ’’صہیونی امریکی غرور‘‘ کے خلاف مزاحمت کو پاسدارانِ انقلاب کا رہنما اصول قرار دیا ہے، جبکہ ’’مضبوط و متحد ایران‘‘ کے قیام کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔

میجر جنرل احمد واحدی نے یہ بات منگل کو میجر جنرل علی عبداللہی کے نام اپنے پیغام میں کہی۔ انہوں نے علی عبداللہی کو مسلح افواج کا چیف آف اسٹاف مقرر کیے جانے پر مبارکباد بھی دی۔

علی عبداللہی کی تقرری پیر کو ہوئی تھی۔ اسی موقع پر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای نے احمد واحدی کو میجر جنرل کے عہدے پر ترقی دیتے ہوئے پاسدارانِ انقلاب کا نیا سربراہ مقرر کیا تھا۔ اس موقع پر اہم عسکری عہدوں پر متعدد تقرریاں بھی کی گئیں۔

احمد واحدی نے اپنے پیغام میں علی عبداللہی سے کہا کہ ان کی تقرری ان کی وابستگی، صلاحیت، غیر معمولی اور منفرد علمی استعداد کے ساتھ دفاعی اور سیکیورٹی شعبوں میں عملی و فیلڈ تجربے کی عکاسی کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کی تمام شاخوں کے درمیان رابطہ کاری، منصوبہ بندی اور معاونت میں جنرل اسٹاف کے تزویراتی کردار کو بخوبی سمجھتے ہیں۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے سربراہ نے کہا کہ آئی آر جی سی، رہبرِ انقلاب کی ہدایات پر عملدرآمد اور ملک کی دفاعی و سیکیورٹی تیاریوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے چیف آف اسٹاف اور جنرل اسٹاف کے ساتھ مکمل تعاون، ہم آہنگی اور تعمیری روابط کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

احمد واحدی نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ صہیونی امریکی غرور کے خلاف مزاحمت اور ’’مضبوط و متحد ایران‘‘ کے نعرے کو پاسدارانِ انقلاب کے رہنما اصول کے طور پر اپنایا جائے گا۔

ایک الگ پیغام میں احمد واحدی نے بریگیڈیئر جنرل کیومرث حیدری کو رہبرِ انقلاب کی جانب سے مسلح افواج کا نائب چیف آف اسٹاف مقرر کیے جانے پر مبارکباد دی۔

دوسرے پیغام میں احمد واحدی نے مسلح افواج کے حوالے سے آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی بعض ترجیحات کا بھی ذکر کیا، جن میں ایران کی دفاعی اور سیکیورٹی صلاحیتوں میں اضافہ اور مسلح افواج کی روحانی استقامت کو مضبوط بنانا شامل ہے۔

Related posts