فرانس میں پیرا شوٹنگ اسکول کا طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ سمیت 11 افراد ہلاک

فرانس میں پیرا شوٹنگ اسکول کا ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہونے سے پائلٹ سمیت 11 افراد ہلاک ہوگئے ہیں، یہ افراد پہلی بار اسکائی ڈائیونگ کے لیے جہاز میں سوار تھے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق فرانس کے شمال مشرقی شہر ٹومبلین میں اتوار کو ایک چھوٹا تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 11 افراد ہلاک ہوگئے۔

مقامی حکام کے مطابق طیارہ ایک پیر اشوٹنگ اسکول کی ملکیت تھا۔ حادثے کے وقت طیارے میں ایک پائلٹ، 5 زیر تربیت طلبہ اور 5 انسٹرکٹرز سوار تھے، جو تمام کے تمام حادثے میں جان کی بازی ہار گئے۔

فرانسیسی وزارت داخلہ نے بتایا کہ وزیر داخلہ واقعے کے بعد جائے حادثہ کی جانب روانہ ہوگئے ہیں۔

علاقائی پریفیکٹ ایو سیگوئے نے مقامی نشریاتی ادارے بی ایف ایم سے گفتگو میں بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارے کو دوران پرواز کسی قسم کا نقصان پہنچا، جس کے بعد وہ عمودی انداز میں زمین پر آ گرا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ حادثہ ایک شاپنگ سینٹر کے قریب واقع رہائشی علاقے میں پیش آیا تاہم خوش قسمتی سے زمین پر مزید جانی نقصان نہیں ہوا۔ علاقائی پریفیکٹ کے مطابق اگر طیارہ چند میٹر ادھر یا ادھر گرتا تو حادثے میں زمین پر موجود افراد بھی متاثر ہو سکتے تھے۔

واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جب کہ مقامی پراسیکیوٹر کی جانب سے فوری طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

Related posts