فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کوئٹہ گیریژن کا دورہ، سیکیورٹی کی صورتحال پر بریفنگ

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہیں بلوچستان کی موجودہ سیکیورٹی صورتِ حال، آپریشنل تیاریوں اور امن و استحکام کے لیے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن میں فیلڈ فارمیشنز کے کمانڈرز اور کمانڈنگ آفیسرز سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ادارہ جاتی ہم آہنگی اور صوبے کی سماجی و اقتصادی ترقی میں معاونت سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاری، بے لوث عزم اور اعلیٰ معیار کی کارکردگی کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے مستحکم امن اور پائیدار اقتصادی سرگرمیوں و ترقی کے لیے سازگار ماحول برقرار رکھنے کی خاطر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر ریاستی اداروں کے درمیان مسلسل ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے زور دیا کہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ بلوچستان میں امن کو مستحکم کرنے اور ایسے ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے جو پائیدار معاشی سرگرمیوں اور ترقی کے لیے سازگار ہو۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا امن، خوش حالی اور فلاح و بہبود ریاست کی کوششوں کا مرکزی نقطہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مستحکم اور محفوظ ماحول صوبے کے عوام کے لیے ترقیاتی اقدامات، اقتصادی مواقع اور بہتر امکانات کی راہ ہموار کرتا رہے گا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق فیلڈ مارشل نے شہداء کی قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور فرائض کی ادائیگی میں افسران اور جوانوں کے غیر متزلزل عزم و لگن کو سراہا۔

قبل ازیں کوئٹہ آمد پر کمانڈر کوئٹہ کور نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔

Related posts