محمد رضوان اور امام الحق کا اسکواڈ میں انتخاب: سلیکشن کمیٹی کے رکن کو شوکاز نوٹس جاری

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سلیکشن کمیٹی کے ایک رکن کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اور اوپنر امام الحق کی ٹیسٹ اسکواڈ میں سلیکشن پر جواب طلب کرلیا ہے۔

منگل کے روز پی سی بی نے سلیکشن کمیٹی کے رکن کو شوکاز نوٹس جاری کیا ہے، شوکاز نوٹس چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔

شوکاز نوٹس میں محمد رضوان اور امام الحق کو متعلقہ اسکواڈز میں شامل کرنے کے فیصلے سے متعلق وضاحت طلب کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق شوکاز نوٹس میں ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے دوروں کے لیے کھلاڑیوں کے انتخاب پر اعتراضات اٹھائے گئے ہیں، جس کے بعد پی سی بی نے سلیکشن کمیٹی کے رکن سے کھلاڑیوں کے انتخاب کی وجوہات، معیار اور کارکردگی سے متعلق تحریری وضاحت مانگ لی ہے۔

سلیکشن کمیٹی کے رکن کو ہدایت کی گئی ہے کہ شوکاز نوٹس موصول ہونے کے 24 گھنٹوں کے اندر جواب جمع کرایا جائے۔ پی سی بی نے معاملے کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے اسے ہنگامی بنیادوں پر نمٹانے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ انگلینڈ کے خلاف مسلسل 2 ٹیسٹ میچز میں شکست کے بعد گزشتہ روز پی سی بی نے ٹیسٹ اسکواڈ کے 7 کھلاڑیوں کو ریلیز کرنے کے ساتھ ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمرگل کو بھی عہدوں سے ہٹا دیا تھا۔

Related posts