ویرات کوہلی کو بدنام کرنے کی کوشش: غیر ملکی انفلوئنسر کا بڑا انکشاف
جرمنی اور جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والی مشہور سوشل میڈیا انفلوئنسر لز لز نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کے خلاف بیان دینے کے لیے کچھ صحافیوں نے انہیں رقم کی پیشکش کی تھی، تاکہ یہ تاثر دیا جا سکے کہ کوہلی نے غیر مناسب رویہ اختیار کیا۔
لز لز اس وقت سرخیوں میں آئی تھیں جب ویرات کوہلی نے انسٹاگرام پر ان کی ایک پوسٹ کو لائک کیا تھا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ایک طوفان کھڑا ہو گیا تھا۔
اب لز لز نے بتایا ہے کہ کچھ میڈیا اداروں نے اس صورتحال کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کی اور انہیں پیسوں کا لالچ دیا تاکہ وہ ویرات کوہلی پر غلط الزامات لگائیں اور انہیں بدنام کریں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق لز لز نے کہا کہ، ’کچھ صحافی مجھے رقم دے رہے تھے تاکہ میں ویرات کے خلاف باتیں کروں اور ایسا کچھ کہوں جو انہوں نے کبھی کیا ہی نہیں تھا۔ لیکن میں نے یہ پیشکش فوراً مسترد کر دی۔
انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ویرات کوہلی میرے پسندیدہ کرکٹر ہیں اور میں ان کے ساتھ ایسا کیوں کروں گی؟ لز لز کا کہنا تھا کہ ویرات نے کچھ بھی غلط نہیں کیا اور نہ ہی ان کی نیت خراب تھی۔
ان کے مطابق وہ خود انڈیا کے کلچر پر ویڈیوز بناتی ہیں اور آئی پی ایل میں ویرات کی ٹیم آر سی بی کی سپورٹر بھی ہیں، شاید اسی وجہ سے ان کا مواد کوہلی کے فیڈ پر آیا۔
انفلوئنسر نے انٹرنیٹ پر گردش کرنے والی ویرات اور ان کی جعلی اے آئی تصاویر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے تو یہ سب مذاق ہے، لیکن ویرات کے لیے یہ اچھا نہیں ہے کیونکہ ان کا ایسا کوئی ارادہ نہیں تھا۔
لز لز نے ویرات کوہلی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ انڈیا کے بہت بڑے آئیکون ہیں، وہ انڈیا کے میسی یا رونالڈو ہیں، اس لیے لوگوں کو ان کا نام اس طرح خراب نہیں کرنا چاہیے بلکہ ان کا احترام کرنا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ویرات نے ان سے کوئی غیر مناسب رابطہ نہیں کیا اور نہ ہی ان کا مقصد کسی کو پریشان کرنا تھا۔
لز لز نے وہ دن بھی یاد کیا جب یہ خبر وائرل ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ جب میں ایک صبح سوئی اٹھی تو مجھے ایسا لگا جیسے میں کسی نیٹ فلکس سیریز کے سنسنی خیز قصے کا حصہ بن گئی ہوں۔ ہر طرف میری ہی تصاویر تھیں اور جرمنی و جنوبی افریقہ کے میڈیا میں بھی اس کا تذکرہ ہو رہا تھا۔
انہوں نے مذاقاً یہ بھی کہا کہ اس واقعے کے بعد اب ویرات کوہلی جرمنی میں بھی بہت مشہور ہو گئے ہیں۔ انہوں نے اس بات کو سراہا کہ اس واقعے کے بعد ایک کرکٹ میچ بھی جرمنی میں منعقد ہوا، جہاں وہ اینکر کے طور پر شامل ہوئیں۔
اگرچہ اس تنازع کے بعد انہیں کئی ریئلٹی شوز اور اشتہارات کی پیشکشیں ہوئیں لیکن انہوں نے صاف کر دیا کہ وہ صرف وہی کام کریں گی جو ان کے اخلاقی اصولوں کے مطابق ہو۔
یہ پہلا موقع نہیں جب ویرات کوہلی کا انسٹاگرام ’لائیک‘ وائرل ہوا ہو۔ پہلے بھی اداکارہ اونیت کائور کے ساتھ ایسا ہوا تھا اور بعد میں ویرات کوہلی نے خود وضاحت جاری کی تھی کہ انسٹاگرام الگورتھم کی غلطی سے ایسا ہو سکتا ہے اور ان کا کوئی خاص مقصد نہیں تھا۔
ویرات کوہلی انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے بھارتی اسٹار ہیں اور ان کی چھوٹی سی حرکت بھی دنیا بھر میں بحث کا موضوع بن جاتی ہے، تاہم لز لز کے اس تازہ بیان نے ان لوگوں کے منصوبوں کو بے نقاب کر دیا ہے جو انہیں جان بوجھ کر بدنام کرنا چاہتے تھے۔