امیتابھ بچن بے خوابی کا شکار: رات کس کے ساتھ گذارتے ہیں؟

دن بھر کی چکاچوند اور ہجوم کے درمیان زندگی گزارنے والے بولی ووڈ کے عظیم سپر اسٹار امیتابھ بچن کی راتیں آجکل بالکل مختلف انداز میں گزر رہی ہیں۔ دنیا سوتی ہے، لیکن ”بگ بی“ کی آنکھیں جاگتی رہتی ہیں۔ اس کا اعتراف کرتے ہوئے انہوں نے خود کہا ہے کہ کئی راتیں ایسی گزرتی ہیں جب صرف خاموشی ہی ان کا ہمسفر بنتی ہے۔

83 سالہ بھارتی اداکار نے انکشاف کیا ہے کہ وہ شدید بے خوابی کا شکار ہیں اور کئی راتیں ایسی ہوتی ہیں جب وہ بستر پر لیٹ کر صرف گھڑی کی سوئیوں کی آواز سنتے رہتے ہیں، مگر نیند ان کی آنکھوں سے کوسوں دور رہتی ہے۔

امیتابھ بچن نے اپنے حالیہ بلاگ میں اپنی اس ذاتی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ ڈاکٹروں کی جانب سے سات گھنٹے کی نیند کے مشورے کے باوجود، ان کا کام اور مصروفیت اکثر ان پر حاوی رہتی ہے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ عمر کے اس حصے میں بھی کام کا جنون انہیں سونے نہیں دیتا، لیکن جب خاموشی حد سے بڑھ جاتی ہے تو ان بے چین لمحات میں انہیں سکون موسیقی دیتی ہے۔

بگ بی نے بتایا کہ وہ اکثر دیر رات بلاگ لکھتے ہوئے پس منظر میں سلائیڈ گٹار اور ستار کی مدھر کلاسیکی دھنیں سنتے ہیں، جو ان کے لیے کسی مرہم سے کم نہیں ہوتیں۔

موسیقی کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے امیتابھ بچن نے لکھا کہ دنیا بھر کی موسیقی سات سروں پر قائم ہے اور یہ سر پوری انسانیت کو ایک لڑی میں پروتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ، ’ان سات سروں کا احترام کرو، یہ تمہارا احترام کریں گے، انہیں سنو اور یہ آہستہ آہستہ تمہیں نیند اور سکون کا تحفہ دے دیں گے۔‘

قابل ذکر بات یہ ہے کہ امیتابھ بچن کی زندگی کا یہ پہلو ان کے نظم و ضبط اور کام سے لگن کی عکاسی کرتا ہے۔ وہ نہ صرف ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ جیسے بڑے شوز کی میزبانی کر رہے ہیں بلکہ فلموں، برانڈز اور اپنے بلاگز کے ذریعے مسلسل متحرک ہیں۔

مداحوں کے لیے یہ بات حیران کن اور متاثر کن ہے کہ نیند کی اس شدید کمی کے باوجود بگ بی کے جوش و خروش اور تخلیقی صلاحیتوں میں کوئی کمی نہیں آئی۔

آج بھی وہ رات کے پچھلے پہر کلاسیکی موسیقی کے سائے میں اپنے خیالات کو بلاگ کی شکل دے کر اپنے چاہنے والوں سے جڑے رہتے ہیں۔

Related posts