فٹبال کی تاریخ کا انوکھا ریکارڈ؛ میسی اور رونالڈو چھٹا ورلڈکپ کھیلنے کے لیے تیار

دنیا کے دو عظیم ترین فٹبالرز لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو ایک نیا ریکارڈ اور منفرد ریکارڈ اپنے نام کرنے کو تیار ہیں۔ رواں سال ہونے والا ورلڈکپ ممکنہ طور پر دونوں اسٹارز کے لیے کیریئر کا چھٹا اور ممکنہ طور پر آخری ورلڈکپ ہوگا۔

فٹبال کی دنیا میں گزشتہ دو دہائیوں سے حکمرانی کرنے والے پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو اور ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے لیونل میسی ایک مرتبہ پھر عالمی فٹبال کے میدان میں جلوہ گر ہونے کے لیے تیار ہیں، جہاں دونوں کھلاڑی 2026 کے فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کر کے ایک نئی تاریخ قائم کر سکتے ہیں۔

اگر یہ دونوں کھلاڑی ورلڈ کپ کے میچز میں میدان میں اترتے ہیں تو یہ فٹبال کی تاریخ میں 6 مختلف ورلڈ کپ ایڈیشنز (2006، 2010، 2014، 2018، 2022 اور 2026) کھیلنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن جائیں گے۔ شائقینِ فٹبال اس ٹورنامنٹ کو ان دونوں کا ’دی لاسٹ ڈانس‘ قرار دے رہے ہیں کیوں کہ یہ ممکنہ طور پر ان کا آخری بین الاقوامی ورلڈ کپ ہوگا۔

دونوں فٹبال لیجنڈز اس تاریخی ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور اپنی ٹیموں کے لیے اب بھی کلیدی اہمیت رکھتے ہیں۔

لیونل میسی نے 2022 کے ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم کو چیمپئن کا ٹائٹل دلوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ قطر میں ہونے والے اس ایونٹ میں فرانس کے خلاف سنسنی خیز فائنل جیتنے کے بعد انہوں نے کہا تھا کہ ان کے کیریئر کا سب سے بڑا خواب پورا ہو چکا ہے اور وہ اپنے کیریئر کا اختتام اس سے بہتر انداز میں تصور نہیں کر سکتے۔

تاہم وقت کے ساتھ صورت حال بدلی اور میسی نے انٹرنیشنل فٹبال کھیلتے رہنے کا فیصلہ کیا۔ ورلڈ کپ جیتنے کے بعد میسی نے فرانسیسی فٹبال کلب (پی ایس جی) کے لیے اپنا سیزن مکمل کیا اور کلب کو ’لیگ ون‘ کا ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ جون 2023 میں معاہدہ ختم ہونے پر انہوں نے یہ کلب چھوڑ دیا۔

پی ایس جی چھوڑنے کے بعد میسی نے امریکی میجر لیگ ساکرو (ایم ایل ایس) کے کلب انٹر میامی میں شمولیت اختیار کی، جس کے شریک مالک ڈیوڈ بیکھم ہیں۔ میسی اس کلب کے کپتان ہیں اور انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کلب کو متعدد کامیابیاں دلائیں، جن میں 2025 کا ایم ایل ایس کپ جیتنا اور مسلسل دو بار (2024 اور 2025) لیگ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرنا شامل ہے۔ وہ اب بھی اسی کلب کے لیے کھیل رہے ہیں۔

ارجنٹائن کو ورلڈکپ جتوانے کے بعد میسی نے انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ نہیں لی۔ وہ بدستور ارجنٹائن کی قومی ٹیم کے کپتان ہیں۔ ورلڈ کپ 2022 کے بعد انہوں نے اپنی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے ’کوپا امریکا 2024‘ کا ٹائٹل بھی جیتا۔ اس وقت وہ ارجنٹائن کی ٹیم کے ساتھ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے کوالیفائنگ میچز کھیل رہے ہیں۔

میسی نے پہلا ورلڈ کپ 2006 میں صرف 18 برس کی عمر میں کھیلا تھا، جب انہوں نے سربیا اور مونٹی نیگرو کے خلاف 6-0 کی بڑی فتح میں بھی کردار ادا کیا تھا۔ ارجنٹینا کے کوچ بھی واضح کہہ چکے ہیں کہ وہ ہر ممکن کوشش کریں گے کہ میسی اس عالمی کپ کا حصہ ہوں۔

میسی اب تک ورلڈ کپ مقابلوں میں 26 میچ کھیل چکے ہیں جو ایک ریکارڈ ہے، جبکہ انہوں نے 13 گول بھی اسکور کیے ہیں۔ جرمنی کے سابق اسٹرائیکر میروسلیف کلوز کے 16 ورلڈ کپ گولز کا ریکارڈ بھی اب ان کی پہنچ سے زیادہ دور نہیں ہے۔

دوسری جانب پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو بھی اپنے بین الاقوامی کیریئر کے ایک یادگار اختتام کے لیے پُرعزم ہیں۔ 41 سالہ رونالڈو نے 2002 میں پرتگال کے کلب اسپورٹنگ لزبن سے اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کا آغاز کیا، جہاں ان کی غیر معمولی رفتار اور تکنیک نے سب کو متاثر کیا تھا۔

کرسٹیانو 2003 میں انگلش کلب مانچسٹر یونائیٹڈ میں پہلی مرتبہ شامل ہوئے اور دنیا کے بہترین کھلاڑی بن کر ابھرے۔ یہاں انہوں نے 3 پریمیئر لیگز، اپنا پہلا چیمپئنز لیگ ٹائٹل اور پہلا ’بیلون ڈی اور‘ ایوارڈ جیتا۔

اسی نوعمری میں یورو 2004 کا فائنل ہارنے کا دکھ بھی دیکھا تاہم بعد میں انہوں نے پرتگال کو یورو 2016 کا ٹائٹل جتوایا۔ ورلڈ کپ میں پرتگال کی کامیابیاں محدود رہی ہیں۔ 2006 میں سیمی فائنل تک رسائی کے بعد ٹیم صرف ایک ناک آؤٹ میچ جیت سکی، جب 2022 میں سوئٹزرلینڈ کو 6-1 سے شکست دی۔ اس میچ میں رونالڈو بینچ پر موجود تھے۔

سال 2009 میں رونالڈو ریکارڈ ٹرانسفر فیس پر اسپینش کلب ریال میڈرڈ میں شامل ہوئے، اور کلب کی تاریخ کے ٹاپ گول اسکورر بنے، 4 چیمپئنز لیگ ٹائٹلز جیتے اور مزید 4 بار ’بیلون ڈی اور‘ حاصل کیا۔ پھر اطالوی کلب یووینٹس کا حصہ بنے اور کلب کو مسلسل دو بار لیگ ’سیری اے‘ کا چیمپئن بننے میں اہم کردار ادا کیا۔

کرسٹیانو کی 2021 میں دوبارہ انگلش کلب مانچسٹر یونائیٹڈ میں انٹری ہوئی تاہم مینیجر اور انتظامیہ سے اختلافات کے بعد نومبر 2022 میں یہ معاہدہ ختم ہوگیا۔ 2023 کے بعد سے وہ تاریخ کے مہنگے ترین معاہدے (تقریباً 200 ملین یورو سالانہ) کے تحت سعودی کلب النصر میں شامل ہوئے۔ وہ النصر کے لیے اب تک 100 سے زائد گول کر چکے ہیں اور ان کے معاہدے میں 2027 تک توسیع ہوچکی ہے۔

رونالڈو اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ بین الاقوامی میچ کھیلنے والے کھلاڑی ہیں اور 226 میچز میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ رونالڈو نے حال ہی میں تصدیق کی کہ یہ ان کا آخری ورلڈ کپ ہوگا۔ ان کے بقول 41 برس کی عمر میں یہی مناسب وقت ہوگا کہ وہ عالمی سطح پر اپنے سفر کا اختتام کریں۔

دوسری جانب کروڑوں شائقینِ فٹبال کی یہ شدید خواہش ہے کہ دونوں لیجنڈز اپنے کیریئر کے آخری ورلڈ کپ میں آمنے سامنے آئیں۔ اگر ایسا ہوا تو یہ فٹبال کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہوگا کہ لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو ورلڈ کپ کے کسی میچ میں ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گے۔

Related posts