مانچسٹر سٹی نے چیلسی کو شکست دے کر ایف اے کپ جیت لیا
مانچسٹر سٹی نے ایف اے کپ کے فائنل میں چیلسی کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ فاتح ٹیم کے لیے فیصلہ کن گول اینٹوان سیمینیو نے دوسرے ہاف میں اسکور کیا۔
لندن کے ویمبلے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایف اے کپ کے فائنل میں مانچسٹر سٹی نے چیلسی کو ایک صفر سے شکست دے کر سیزن کا دوسرا ڈومیسٹک ٹائٹل جیت لیا۔
میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول 72ویں منٹ میں گھانا سے تعلق رکھنے والے اینٹوان سیمینیو نے اسکور کیا، جنہوں نے ایرلنگ ہالینڈ کے کراس پر مہارت سے بیک ہیل شاٹ کھیلتے ہوئے گیند چیلسی کے گول کیپر رابرٹ سانچیز کے جال میں پہنچا دی۔

گول سے قبل مقابلہ محتاط انداز میں جاری رہا، تاہم مانچسٹر سٹی کی برتری کے بعد کھیل میں تیزی آگئی اور دونوں ٹیموں نے مزید مواقع پیدا کیے۔ سٹی کے ریان چرکی کے شاٹ پر رابرٹ سانچیز نے عمدہ سیو کیا، جب کہ ماتھیوس نونیس کی کوشش پوسٹ سے ٹکرا گئی۔
مانچسٹر سٹی کے کپتان برنارڈو سلوا، جو سیزن کے اختتام پر کلب چھوڑ رہے ہیں، نے فتح کو اپنے لیے بہت خاص قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آخری سیزن میں ایک اور ٹرافی جیتنا یادگار لمحہ ہے، جب کہ ٹیم اب بھی پریمیئر لیگ ٹائٹل کی دوڑ میں موجود ہے۔

یہ مانچسٹر سٹی کی تاریخ کا آٹھواں ایف اے کپ ٹائٹل ہے، جب کہ اس سے قبل ٹیم مارچ میں لیگ کپ بھی جیت چکی ہے۔ پیپ گارڈیولا کی ٹیم اس وقت پریمیئر لیگ میں آرسنل سے دو پوائنٹس پیچھے ہے اور سیزن کے آخری دو میچ باقی ہیں۔
دوسری جانب چیلسی کو مسلسل ساتویں ڈومیسٹک کپ فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ خراب سیزن، دو مرتبہ کوچ کی تبدیلی اور پریمیئر لیگ میں نویں پوزیشن پر گرنے کے بعد چیلسی کے لیے اگلے سیزن میں یورپی فٹبال کھیلنے کے امکانات بھی معدوم ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔
چیلسی نے رواں سیزن میں مسلسل انتظامی تبدیلیاں دیکھیں۔ انزو ماریسکا کی روانگی کے بعد لیام روزینئیر مختصر مدت کے لیے ٹیم کے کوچ بنے، تاہم بعد میں انہیں بھی برطرف کر دیا گیا اور عبوری کوچ کیلم میک فارلین نے ذمہ داریاں سنبھالیں۔