انمول پنکی کے سابق شوہر سے متعلق بڑے انکشافات، ٹریول ہسٹری سامنے آگئی

کوکین کوئین کہلانے والی انمول عرف پنکی سے متعلق تحقیقات میں اہم اور سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔ پولیس کے مطابق انمول پنکی کا سابق شوہر ناصر اپنے بھائیوں سمیت منشیات کے منظم نیٹ ورک میں ملوث تھا اور اسی نے پنکی کو کوکین تیار کرنے کا ماہر بنایا۔

پولیس تحقیقات کے مطابق انمول عرف پنکی کا سابق شوہر ناصر اپنے دو بھائیوں منصور اور شہروز کے ہمراہ منشیات کے کاروبار میں سرگرم تھا۔

تحقیقاتی حکام کا کہنا ہے کہ ناصر اپنے بھائیوں کے ساتھ لاہور آیا جہاں ابتدائی طور پر انہوں نے گیسٹ ہاؤسز اور شراب کا کاروبار شروع کیا۔

بعد ازاں ناصر نے اپنے دونوں بھائیوں، دوست عرفان اور بہنوئی کے ساتھ مل کر کوکین کے کاروبار میں قدم رکھا۔ پولیس کے مطابق ناصر ہی وہ شخص تھا جس نے انمول عرف پنکی کو کوکین تیار کرنے کی تربیت دی۔

تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ انمول پنکی اور ناصر میاں بیوی کی حیثیت سے لاہور، کراچی اور دیگر شہروں میں کوکین سپلائی کرتے رہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بعد میں ناصر اپنے بھائیوں سمیت منشیات کا نیٹ ورک کراچی تک لے گیا جہاں کاروبار کو مزید وسعت دی گئی۔

حکام کے مطابق انمول عرف پنکی نے 2021 میں ایک سابق انسپکٹر کے کہنے پر ناصر سے طلاق لی تھی، جبکہ کیس سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری جانب مبینہ منشیات فروش انمول عرف پنکی اور  اس کے شوہرکی ٹریول ہسٹری بھی سامنے آگئی۔ ائیر پورٹ ذرائع کے مطابق   پنکی صرف ایک بار پاکستان سے باہر گئی، ریکارڈ کے مطابق پنکی 25 دسمبر 2018کو کراچی سے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو گئی تھی۔

ذرائع نے بتایا کہ پنکی تقریبا 3 ماہ بعد یکم اپریل 2019 کو باکو سے واپس پاکستان آئی جبکہ پنکی کا دوسرا شوہر سابق انسپکٹر رانا اکرم 2 مرتبہ باکو گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رانا اکرم پہلی مرتبہ 12 اکتوبر 2025 کو باکو گیا اور 19 اکتوبر 2025 کو واپس آیا جس کے بعد  رانا اکرم دوبارہ 27 دسمبر 2025 کو باکو گیا تھا،  اور  پھر 6 جنوری 2026 کو باکو سے واپس لاہور پہنچا۔

دوسری جانب پولیس ذرائع کا بتانا ہے کہ  رانا اکرم نے ہی پہلی مرتبہ انمول اور اس کی ساتھی کرن کو پکڑا اور پھر چھوڑ دیا، رانا اکرم نے مبینہ طور پر 2 گاڑیاں اور 5 کروڑ روپے لے کر دونوں کو چھوڑ دیا تھا۔

Related posts