سلہٹ ٹیسٹ میں قومی ٹیم کو شکست، بنگلادیش نے پاکستان کو وائٹ واش کردیا
بنگلادیش نے سلہٹ ٹیسٹ کے آخری روز پاکستان کو 78 رنز سے شکست دے کر ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ مکمل کرلیا۔ 437 رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 358 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جبکہ محمد رضوان کی ذمہ دارانہ اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔
سلہٹ میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے آخری روز پاکستان نے اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی، تاہم وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے 94 رنز کی اننگز کھیلی لیکن وہ اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے اور ٹیم کی نویں وکٹ 358 رنز پر گر گئی۔
اس سے قبل ساجد خان 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستانی بیٹنگ لائن ایک بار پھر دباؤ کا شکار دکھائی دی جبکہ بالرز بھی میچ میں خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔
بنگلادیشی بولرز نے آخری روز شاندار نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی بیٹرز کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔ دوسری جانب میزبان ٹیم کی بیٹنگ اور بالنگ دونوں شعبوں میں بہتر کارکردگی نے پاکستان کو سیریز میں مکمل طور پر بے بس کردیا۔
یہ شان مسعود کی قیادت میں پاکستان ٹیم کی 12ویں شکست ہے، جبکہ بنگلادیش نے ایک بار پھر اپنی سرزمین پر پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کرکے نئی تاریخ رقم کردی۔