بارش یا تپتی دھوپ؟ عیدالاضحیٰ پر موسم کیسا رہے گا؟
عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں موسم خوشگوار نہیں بلکہ شدید گرم رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ 25 مئی سے ملک میں ہیٹ ویو کا آغاز ہوگا جو عید کے دنوں میں شہریوں کے لیے مشکلات پیدا کر سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں 25 مئی سے شدید گرمی کی لہر آنے کا امکان ہے، جبکہ یہ صورتحال 26 مئی سے 31 مئی تک مزید شدت اختیار کر سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
صوبہ سندھ کے مختلف اضلاع میں درجہ حرارت 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے باعث شدید گرمی کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
کراچی میں درجہ حرارت 35 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسی طرح پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بعض اضلاع میں درجہ حرارت 42 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی موسم گرم رہے گا، جہاں درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے۔