بنوں: فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 8 دہشتگرد مارے گئے

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس اور محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کے مشترکہ آپریشن کے دوران 8 دہشتگرد مارے گئے، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور دو زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق کارروائی بنوں کے تھانہ میریان کی حدود میں خفیہ اطلاع پر کی گئی، جہاں پولیس اور سی ٹی ڈی کی ٹیموں نے عسکریت پسندوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لیا۔ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کی جانب سے شدید فائرنگ کی گئی، جس پر سیکیورٹی اہلکاروں نے بھرپور جوابی کارروائی کی۔

فائرنگ کے تبادلے میں پولیس کانسٹیبل نور اللہ شہید ہوگیا، جبکہ دو اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران کئی عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا، جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی جاری رکھا گیا تاکہ ممکنہ سہولت کاروں اور فرار ہونے والے عناصر کو گرفتار کیا جا سکے۔

آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کامیاب کارروائی پر پولیس اور سی ٹی ڈی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انعام کا اعلان بھی کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سیکیورٹی ادارے بھرپور عزم کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

Related posts