آزاد کشمیر میں قائدِ ایوان کی نامزدگی: مسلم لیگ (ن) میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے

مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں قائدِ ایوان کی نامزدگی پر اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں، صدر (ن) لیگ آزاد کشمیر شاہ غلام قادر اور سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے نامزد وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی کو وزیراعظم کے الیکشن میں ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

جمعرات کو سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدرنے مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر سے ان کی رہائش گاہ پر اہم ملاقات کی، جس میں آزاد کشمیر میں قائد ایوان کی نامزدگی اور پارٹی کی موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے نامزد وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی کے خلاف پارٹی کے اندر کسی قسم کی گروپ بندی نہ کرنے پر اتفاق کیا تاہم دونوں نے قائد ایوان کے انتخاب میں حصہ نہ لینے اور نامزد وزیراعظم کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا۔

ملاقات ختم ہونے کے بعد راجہ فاروق حیدر شاہ غلام قادر کی رہائش گاہ سے روانہ ہوگئے۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو سے گریز کیا۔

صحافیوں کے سوالات پر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ آج کوئی گفتگو نہیں کرنی، اپنی بات کل کروں گا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ مظفرآباد اپنے گھر جا رہے ہیں۔

راجہ فاروق حیدر سے جب اسمبلی اجلاس میں شرکت کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ’’کس نے کہا میں اسمبلی اجلاس میں شرکت کروں گا؟‘‘ ان کا کہنا تھا کہ سوال کرنا میڈیا کی مجبوری ہے اور ان کی اپنی مجبوری ہے۔

ذرائع کے مطابق راجہ فاروق حیدر نے نامزد قائد ایوان بیرسٹر افتخار گیلانی کو ووٹ دینے سے بھی انکار کردیا ہے جب کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے بھی قائد ایوان کے انتخاب کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کیا ہے۔

بیرسٹر افتخار گیلانی کی قائد ایوان کے لیے نامزدگی پر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں اختلافات واضح طور پر سامنے آگئے ہیں۔

دوسری جانب آزاد کشمیر کی پارٹی قیادت کی جانب سے لاتعلقی کے باوجود آزاد کشمیر اسمبلی میں قائد ایوان کا انتخاب کل 28 اگست کو متوقع ہے۔

بیرسٹر افتخار گیلانی آزاد کشمیر کے حالیہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے ہیں، وہ مسلم لیگ (ن) کی سابقہ صوبائی کابینہ اور راجہ فاروق حیدر کی وزارتِ عظمیٰ کے دور میں وزیرِ تعلیم بھی رہ چکے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت آزاد کشمیر کی وزارتِ عظمیٰ کے لیے اسلام آباد میں منعقدہ مشاورتی اجلاس میں بیرسٹر افتخار گیلانی کو آزاد کشمیر کا نیا وزیراعظم نامزد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جب کہ آزاد کشمیر کے مرکزی پارٹی رہنماؤں نے بیرسٹر افتخار گیلانی کو وزیراعظم نامزد کرنے کے فیصلے کی مخالفت کی تھی۔

Related posts