ایران نے حملہ کیا تو یہ اس کی اب تک کی سب سے بڑی غلطی ہوگی: اسرائیلی وزیر دفاع کی دھمکی

اسرائیل کے وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر تہران نے اسرائیل پر حملہ کیا تو یہ اس کی اب تک کی سب سے بڑی غلطی ہوگی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی افواج کسی بھی ممکنہ کارروائی کا جواب دینے اور اپنے اہداف مکمل کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

جمعے کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے کہا کہ ایران کی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کی القدس فورس کے کمانڈر اسماعیل قانی گزشتہ چند روز سے مسلسل اسرائیل کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔

اسرائیل کاٹز نے اسماعیل قانی پر تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ”قانی پر تعاون کرنے والے شخص کا تاثر ان پر ان دھمکیوں کے مقابلے میں زیادہ جچتا تھا۔“

اسرائیلی وزیر دفاع نے خبردار کیا کہ اگر ایران نے اسرائیل پر حملہ کیا تو یہ اس کی اب تک کی سب سے بڑی غلطی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ”نہ آبنائے ہرمز اور نہ ہی شہری آبادی کو نشانہ بنانا ایران کے کسی کام آئے گا، ہمیں کوئی چیز نہیں روک سکتی۔“

اسرائیل کاٹز نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی افواج ہر قسم کی ممکنہ کارروائی کا جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور اپنا مشن مکمل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

گزشتہ روز ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی القدس فورس کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل اسماعیل قانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا تھا کہ اسرائیلی یہ بات اچھی طرح جان لیں کہ ان کے خلاف کھڑے ہونے والے اور لڑنے والے افراد عاشورہ کے جذبے اور امام حسین کے عقیدے سے سرشار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مزاحمتی قوتیں اس ابدی عقیدے پر یقین رکھتی ہیں کہ ہر دن عاشورا ہے اور ہر سرزمین کربلا ہے۔

ایرانی قدس فورس کے سربراہ نے زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ “صہیونیوں، تمہیں ہرصورت لبنان سے نکلنا ہوگا، یہ سرزمین مزاحمت اور ثابت قدمی کا میدان ہے، یہ قبضہ گروپوں کے لیے کوئی کھیل کا میدان نہیں ہے۔ اسماعیل قانی نے مزید کہا تھا کہ اگر تم رضاکارانہ طور پر یہاں سے نہ نکلے تو کل تمہیں شکست ہوگی اور شرمندہ ہوکر یہاں سے دم دبا کر بھاگو گے۔

امریکا اسرائیل کو قابو میں رکھے، ورنہ کارروائی کریں گے: ایران

دوسری جانب ایران کے سینٹرل ہیڈکوارٹر خاتم الانبیاء نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا اسرائیل کو قابو میں رکھنے میں ناکام رہا تو ایران اپنے خلاف کسی بھی خطرے کو برداشت نہیں کرے گا۔

ایرانی خبر رساں ادارے فارس نیوز ایجنسی کے مطابق جمعرات کو ایران کی مسلح افواج کے سینٹرل ہیڈ کوارٹر خاتم الانبیاء کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بعض پڑوسی ممالک کی فضائی حدود میں ایران کی سمت اسرائیلی فوجی طیاروں کی نقل و حرکت اور موجودگی ایک خطرناک اقدام ہے، جسے اسلامی جمہوریہ ایران اپنی سلامتی کے خلاف براہِ راست خطرہ تصور کرتا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ایران اپنے خلاف کسی بھی قسم کے خطرے کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا اور اپنی قومی سلامتی کو لاحق خطرات کا مناسب جواب دینا اپنا جائز حق سمجھتا ہے۔

خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر نے مزید کہا کہ اگر امریکا ”صہیونی حکومت“ (اسرائیل) کو روکنے اور اس کے اقدامات پر قابو پانے میں ناکام رہتا ہے تو اسلامی جمہوریہ ایران اپنے خلاف کسی بھی خطرے کو بغیر جواب کے نہیں چھوڑے گا اور ایسے خطرناک اقدامات کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے معاہدے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ امریکا اور اسرائیل کی شکست کا سرکاری اعلان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران نے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے معاہدہ کیا، جو ان کے بقول امریکا اور اسرائیل کی ناکامی کی عکاسی کرتا ہے۔

Related posts