بلوچستان کے علاقے ساران تنگی میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 6 دہشت گرد ہلاک

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، ساران تنگی میں کارروائی کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کارروائی کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن شعبان 2 کے تحت دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ساران تنگی میں فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گردوں کو ہلاک جب کہ 9 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جس میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا۔ کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں بدستور جاری ہیں اور آپریشن شعبان 2 آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنا دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن شعبان 2 جاری رہے گا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے، قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

Related posts