وزیراعظم کی واپسی تک جماعتِ اسلامی کا اسلام آباد لانگ مارچ مؤخر، ‘دھرنے جاری رہیں گے’

جماعت اسلامی نے وزیراعظم شہباز شریف کی درخواست اور عوام کو ریلیف کی یقین دہانی پر لانگ مارچ اکتوبر کے پہلے ہفتے تک مؤخر کردیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم سے ملاقات تک حکومت کو موقع دیا جائے گا، مناسب ریلیف نہ ملا تو لانگ مارچ ملتان سے دوبارہ شروع ہوگا۔

جماعت اسلامی نے وزیراعظم شہباز شریف کی درخواست اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کے وعدے پر اسلام آباد کی جانب جاری لانگ مارچ اکتوبر کے پہلے ہفتے تک مؤخر کردیا ہے، تاہم مارچ کے شرکا ملتان میں قیام کریں گے اور وزیراعظم سے ملاقات تک جماعت کے کارکن متحرک رہیں گے۔

ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وزیراعظم نے مارچ مؤخر کرنے کی درخواست کی ہے، اس لیے مشاورت سے اکتوبر کے پہلے ہفتے تک لانگ مارچ روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے ملاقات تک حکومت کو موقع دیا جا رہا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ لانگ مارچ جاری رہے گا اور جماعت اسلامی اپنی تحریک سے دستبردار نہیں ہوگی۔ ان کے مطابق جماعت کا ایجنڈا عوامی ریلیف ہے، حکومت نے ریلیف دیا تو ٹھیک، ورنہ اکتوبر کا پہلا ہفتہ موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے شرکا کا پڑاؤ ملتان میں رہے گا اور اگر حکومت کی جانب سے مناسب ریلیف نہ دیا گیا تو مارچ اسی شہر سے دوبارہ شروع ہوگا۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ان کے لیے یہ فیصلہ آسان نہیں تھا، تاہم وزیراعظم نے خود رابطہ کیا ہے، اس لیے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کارکن مسلسل متحرک رہیں گے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت سے تحریری یقین دہانی لی جائے گی اور جماعت اسلامی اپنے مطالبات سے دستبردار نہیں ہوگی۔ ان کے مطابق محض ٹال مٹول کی پالیسی قبول نہیں کی جائے گی۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں اسلام آباد میں دھرنا مؤخر کرنے کی درخواست کی۔

وزیراعظم آفس کے مطابق گفتگو کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ حکومت موجودہ مشکل حالات میں معاشی طور پر کمزور اور متوسط طبقے کو پیٹرولیم مصنوعات پر ریلیف فراہم کر رہی ہے اور جس قدر ممکن ہوا عوام کو ریلیف کی فراہمی یقینی بناتی رہے گی۔

وزیراعظم آفس کے مطابق حافظ نعیم الرحمان نے وزیراعظم کی تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی دھرنا مؤخر کرنے پر غور کر رہی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے وزیراعظم کے دورے کے بعد ملاقات کرنے اور اس معاملے پر مزید مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

قبل ازیں وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے منگل کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم نے لانگ مارچ مؤخر کرنے پر مشاورت کا کہا ہے۔ وزیراعظم کی نیویارک سے واپسی پر جماعتِ اسلامی کا وفد ملاقات کرے گا۔

جماعتِ اسلامی نے پیٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاج کے پہلے مرحلے میں ملک بھر میں دھرنے دیے تھے اور دوسرے مرحلے میں لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا۔ احتجاج کے دوسرے مرحلے میں جماعتِ اسلامی کے کارکنوں کی بڑی تعداد بزریعہ ٹرین ملتان پہنچ چکی ہے، جہاں سے انہیں بزریعہ سڑک اسلام آباد جانا تھا۔

27 ستمبر کو دارالحکومت میں جماعت اسلامی، پاکستان تحریکِ انصاف اور کسان اتحاد کے احتجاج کے پیشِ نظر شہر میں سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے اور دارالحکومت میں کنٹینرز لگا دیے گئے ہیں۔

Related posts