حکومت کا بائیک، رکشہ اور چھوٹی گاڑیوں کے لیے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف کا اعلان
وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو پیٹرول کی قیمت میں ریلیف دیتے ہوئے بائیک، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک گاڑیوں کے لیے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دینے کا اعلان کردیا ہے۔ دوسری طرف امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف ہماری جدوجہد کا نتیجہ ہے، پیٹرولیم لیوی کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔
مشرق وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی اور اس کے باعث عالمی منڈی میں بڑھتی ہوئی تیل کی قیمتوں کا عوام پر بوجھ بڑھنے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جانب سے ایک بار پھر خصوصی ریلیف اسکیم کا اجرا کردیا گیا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے عوام پر پڑنے والے بوجھ کا حکومت کو پورا احساس ہے، مشکل کی اس گھڑی میں ہم عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے والوں پر تیل کی قیمتوں میں اضافے سے پڑنے والے بوجھ کو کم کرنے کے لیے خصوصی اسکیم کا آغاز کیا جا رہا ہے، خصوصی ریلیف اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک گاڑی استعمال کرنے والوں کے لیے پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کا ریلیف دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ موٹر سائیکل، رکشہ اور چنگچی سمیت 2 پہیوں اور 3 پہییوں والی سواریوں پر ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر کا ریلیف دیا جائے گا۔ اسی طرح چھوٹی گاڑیوں یعنی 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر کا ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد کی حدود میں اس کا اطلاق آئندہ پیر اور منگل کی درمیانی شب کر دیا جائے گا جب کہ پورے پاکستان میں بشمول کشمیر اور گلگت بلتستان، اس کا اطلاق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب میں کیا جائے گا۔
شہباز شریف کے مطابق اس خصوصی ریلیف اسکیم کی رجسٹریشن کا اجرا آج سے کر دیا گیا ہے، جس کے طریقہ کار کو آگاہی مہم کے ذریعے عوام تک پہنچایا جائے گا جب کہ اسکیم میں رجسٹریشن کے لیے موٹر سائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑیوں کی معلومات فراہم کرنے کے حوالے سے تعاون پر صوبوں کے شکر گزار ہیں۔
پیٹرول پر ریلیف ہماری جدوجہد کا نتیجہ ہے: حافظ نعیم
دوسری جانب جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ریلیف اسکیم کا جائزہ لے کر آج رات مؤقف دیں گے، پیٹرولیم لیوی کے خلاف لانگ مارچ اور دھرنے جاری رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ظالمانہ پیٹرولیم لیوی کے خلاف ہماری جدوجہد کے نتیجے میں حکومت 100 روپے فی لیٹر ریلیف دینے پر مجبور ہوئی ہے، وزیراعظم کی جانب سے موٹرسائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑیوں کے لیے پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف کی اسکیم کا جائزہ لیں گے اور آج رات اپنا مؤقف دیں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وزیراعظم کی اسکیم سے پیٹرولیم لیوی کے خلاف جاری ہماری جدوجہد پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، پیٹرولیم لیوی کے خلاف ہماری جدوجہد، لانگ مارچ اور دھرنے اس کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گے۔