علیمہ خان اپنی رہائش گاہ سے گرفتار، کوٹ لکھپت جیل منتقل

بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی بہن علیمہ خان کو پولیس نے گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق علیمہ خان کو 3 ایم پی او کے تحت حراست میں لیا گیا ہے۔ علیمہ خان اپنے گھر سے جم جانے کے لیے نکلی تھیں کہ لٹن روڈ پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ علیمہ خان کی گاڑی لٹن روڈ تھانے میں کھڑی ہے، جبکہ پولیس نے انہیں کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا ہے۔

علیمہ خان کی گرفتاری سے متعلق ان کے وکیل رانا مدثر نے کہا ہے کہ علیمہ خان لاہور کے تمام مقدمات میں ضمانت پر ہیں، اس کے باوجود پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا ہے۔

وکیل رانا مدثر کے مطابق علیمہ خان صبح ڈرائیور کے ہمراہ گھر سے نکلی تھیں، اس دوران پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا۔

رانا مدثر کا کہنا ہے کہ علیمہ خان کو غیر قانونی طور پر گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا ہے، تاہم تاحال یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ انہیں کس مقدمے میں گرفتار کیا گیا اور کس تھانے یا مقام پر رکھا گیا ہے۔

وکیل نے بتایا کہ علیمہ خان لاہور میں درج تمام مقدمات میں ضمانت پر ہیں، اس لیے ان کی گرفتاری کی وجوہات اور مقام کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے علیمہ خان کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اپنے سوشل میڈیا ایکس اکاؤنٹ پر رد عمل میں لکھا کہ پنجاب پولیس نے علیمہ خان کو ان کے گھر کے باہر سے اغوا کر لیا۔ اس کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی جاتی ہے۔ یہ فاشزم اور ظلم و جبر ہے۔

خیال رہے کہ یہ گرفتاری اس وقت ہوئی جب پاکستان تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔

Related posts