کیا رونالڈو ٹیم سے ڈراپ ہونے جا رہے ہیں؟ کوچ کی خاموشی نے نئی بحث چھیڑ دی
پرتگال کی قومی فٹبال ٹیم کے اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کے حوالے سے یہ بحث شدت اختیار کر گئی ہے کہ کیا انہیں آئندہ میچ میں ابتدائی گیارہ کھلاڑیوں میں شامل کیا جائے گا یا نہیں۔ یہ قیاس آرائیاں اُس وقت شروع ہوئیں جب ٹیم کے کوچ روبرٹو مارٹینز نے ازبکستان کے خلاف ورلڈ کپ میچ سے قبل واضح جواب دینے سے گریز کیا تھا۔
پیر کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرتگال کے ہیڈ کوچ روبرٹو مارٹینز سے پوچھا گیا کہ کیا رونالڈو کو ٹیم میں برقرار رکھا جائے گا، تو انہوں نے کہا کہ میں ابتدائی گیارہ کھلاڑیوں کے بارے میں ابھی نہیں بتا سکتا کیونکہ میں نے پہلے اپنے کھلاڑیوں کو بھی نہیں بتایا۔
یہ سوال اس لیے بھی اہم ہو گیا ہے کیونکہ رونالڈو کانگو کے خلاف پہلے میچ میں کوئی گول نہیں کرسکے تھے، جو 1-1 سے برابر ہوگیا تھا۔
میچ کے دوران ان کے چند اہم مواقع ضائع کرنے پر سوشل میڈیا اور ماہرینِ کھیل نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ کچھ مبصرین نے یہ بھی سوال اٹھایا کہ جب ٹیم کو اٹیک میں مشکلات پیش آ رہی تھیں تو انہیں دوسرے ہاف میں کیوں تبدیل نہیں کیا گیا۔
ہیڈ کوچ روبرٹو مارٹینز نے کہا کہ تنقید اس ٹیم کے لیے نئی بات نہیں اور یہ بڑے ٹورنامنٹس کا حصہ ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ورلڈ کپ کھیل رہے ہیں، اس لیے شور اور دباؤ ہوتا ہے، لیکن یہ کھیل کا حصہ ہے۔ ہمارا فوکس ٹیم پر ہے، ہم مثبت سوچ کے ساتھ میدان میں اترنا چاہتے ہیں۔ ٹیم پہلے سے زیادہ متحد ہے۔
انہوں نے اگرچہ کسی کھلاڑی کا نام نہیں لیا، لیکن تنقید کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بعض باتیں انصاف کے خلاف ہیں۔
میچ کے بعد کرسٹیانو رونالڈو نے میڈیا سے بات نہیں کی، تاہم انہوں نے سوشل میڈیا پر دو پوسٹس کیں۔ پہلی پوسٹ میں انہوں نے لکھا تھا کہ یہ وہ آغاز نہیں تھا جو ہم چاہتے تھے، لیکن یہ ابھی ختم نہیں ہوا۔ اگلے میچ پر توجہ دیں۔ ایک اور پوسٹ میں انہوں نے ٹریننگ کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ مشن پر فوکس ہے۔
رونالڈو اس ٹورنامنٹ میں ارجنٹائن کے لیونل میسی کے ساتھ ریکارڈ چھ ورلڈ کپ کھیلنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ وہ اس بار بھی کوشش کریں گے کہ چھ مختلف ورلڈ کپ میں گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بن جائیں۔
اگرچہ پہلے میچ میں ان کی کارکردگی کمزور رہی اور صرف 25 ٹچز ملے، اس کے باوجود ہیڈ کوچ روبرٹو مارٹینز کا کہنا ہے کہ وہ اب بھی ٹیم کے لیے اہم ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ رونالڈو بہترین کھلاڑی ہیں جو فائنل تھرڈ میں موقع بنانے اور گول کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ گزشتہ 32 میچز کے اعداد و شمار بھی یہی بتاتے ہیں کہ وہ جگہیں بنا کر ٹیم کو فائدہ دیتے ہیں۔