یونان: ایتھنز ایئر شو کے دوران جنگی طیارہ گر کر تباہ، دونوں پائلٹ ہلاک
یونان کے دارالحکومت ایتھنز کے شمال میں واقع تاناگرا ایئر بیس میں سالانہ ایئر شو کے دوران ’ایف-4 فینٹم‘ نامی جنگی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ یونان نے حال ہی میں اسرائیل کے ساتھ ایک بڑا دفاعی معاہدہ بھی کیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یونانی حکام نے طیارے میں سوار دونوں پائلٹس کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ یونانی حکام کے مطابق طیارہ ایئرپورٹ کے احاطے سے تقریباً 2 کلومیٹر کے فاصلے پر گرا، جس کے باعث ایئر شو دیکھنے والے تماشائی اور قریب واقع رہائشی محفوظ رہے۔
یونانی سرکاری نشریاتی ادارے ’ای آر ٹی‘ کی جانب سے جاری کی گئی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حادثے سے محض چند سیکنڈ قبل طیارہ زمین سے کچھ میٹر کی بلندی پر دائیں جانب مڑتے ہوئے اچانک سے زمین سے ٹکراگیا، جس کے بعد اس میں آگ کے شعلے بھڑکتے دکھائی دیے۔
حکام کے مطابق اس حادثے کے نتیجے میں قریبی جنگل میں بھی آگ بھڑک اٹھی۔ جس پر قابو پانے اور مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے 11 طیارے اور آگ بجھانے والے ہیلی کاپٹرز امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
اس حادثے کے فوراً بعد ایئر شو کی انتظامیہ نے ہنگامی اعلان کرتے ہوئے تماشائیوں اور مہمانوں سے فوری طور پر علاقہ خالی کرنے کی اپیل کی۔
واضح رہے کہ تباہ ہونے والا ایف-4 طیارہ ’ایتھنز فلائنگ ویک‘ میں پرواز کا کرتب کا مظاہرہ کر رہا تھا۔ یہ بین الاقوامی تقریب ہر سال منعقد ہوتی ہے جس میں درجنوں ممالک کے فوجی اور سویلین ایوی ایشن ٹیمیں شرکت کرتی ہیں۔
واضح رہے کہ یونان اور اسرائیل کے درمیان 31 اگست کو تل ابیب میں 3.5 ارب ڈالر سے زائد مالیت کا دفاعی معاہدہ بھی طے پایا ہے، جسے ’اکیلیز شیلڈ‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت اسرائیل، یونان کے لیے جامع، مربوط اور کثیر سطحی فضائی دفاعی نظام تیار کرے گا جو بیلسٹک میزائلوں، کروز میزائلوں، لڑاکا طیاروں اور خاص طور پر ڈرونز کے حملوں کو فضا ہی میں روکنے کی صلاحیت رکھتا ہوگا۔